ٹوکیو ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم جاپان شینزوابے کو ایک بار پھر ان کی حکمراں جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی زبردست کامیابی کے بعد پارٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا اور اس طرح ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر کم از کم مزید تین سال فائز رہنے کی راہ ہموار ہوگئی۔ شینزوابے جاپان کے دستور میں اصلاحات متعارف کئے جانے کے خواہاں ہیں اور اس کامیابی نے انہیں اپنی خواہش کی تکمیل کیلئے حوصلہ بخشا ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کے بعد اپنے خطاب کے دوران واضح طور پر کہا کہ اب آئینی تبدیلی کا وقت آ گیا ہے اور لڑائی ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نئے جاپان کیلئے ہم سب کو ساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہیکہ شینزوابے ڈسمبر 2012ء سے جاپان کے وزیراعظم ہیں ۔ اپنی معاشی اور سفارتی پالیسیوں کے نفاذ کیلئے انہیں کنزرویٹیوس (قدامت پسند) کی زبردست تائید حاصل رہی جس سے جاپان کی معیشت کو استحکام حاصل ہوا۔