شینا کے اہم دستاویزات سی بی آئی کے حوالے

مقتول بیٹی، قاتل ماں کو بلیک میل کررہی تھی، راہول مکرجی کا ادعا
ممبئی۔22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شینا بورا سنسنی خیز قتل مقدمہ میں ایک اہم رابطہ سمجھے جانے والے راہول مکرجی نے جو پیٹر مکرجی کے بیٹے ہیں آج کئی اہم دستاویزات سی بی آئی کے حوالے کیا جو مبینہ طور پر شینا بورہ اپنی ماں اندرانی مکرجی کو بلیک میل کرنے کے لئے استعمال کررہی تھی۔ سی بی آئی عہدیداروں نے کہا کہ راہول نے آج سی بی آئی دفتر پہونچ کر شینا کی کئی دستاویزات اس دفتر کے حوالے کیا۔ سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ یہ وہی دستاویزات ہیں جن کے ذریعہ شینا بورا اپنی ماں اندرانی مکرجی کو بلیک میل کررہی تھیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ’’شینا قتل کیس میں راہول مکرجی ایک اہم رابطہ ہے جس نے اس مقدمہ میں بیٹی کے قتل کی ملزم ماں اندرانی کے خلاف تحقیقات کنندگان کو اہم مواد فراہم کیا ہے۔ ‘‘ تحقیقات کرنے والوں کے مطابق شینا بورا اپنی ماں کو یہ کہتے ہوئے بلیک میل کررہی تھی کہ شہر (ممبئی) میں واقع تین بیڈروم فلیلٹ اس کو نہ دینے کی صورت میں وہ اس (اندرانی) کو یہ کہتے ہوئے بے نقاب کردے گی کہ وہ (شینا) اس کی بہن نہیں بلکہ بیٹی ہے۔ اندرانی اکثر یہ دعوی کیا کرتی تھی کہ شینا اس کی بیٹی نہیں بلکہ بہن ہے۔ اس دوران پیٹر مکرجی کی پولیس تحویل کل ختم ہورہی ہے۔ توقع ہے کہ سی بی آئی ان کی مزید تحویل طلب کرے گی۔ پیٹر کی جمعرات کو گرفتاری کے بعد سی بی آئی نے جمعہ کو ان کے خلاف قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات وضع کیا تھا اور کہا تھا کہ اندرانی کے ہاتھوں اس کی بیٹی شینا کے قتل میں پیٹر نے بھی سرگرم رول ادا کیا تھا۔ اس مقدمہ کے دیگر کلیدی ملزمین میں اندرانی اس کا سابق شوہر سنجیو کھنا اور سابق ؛رائیور شیام ور رائے بھی شامل ہیں جنہیں 3 ڈسمبر تک عدالتی تحویل میں دیا جاچکا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اپنی حقیقی عمر سے کافی کم عمر نظر آنے والی اندرانی مکرجی ایک طویل عرصہ تک یہ دعوی کرتی رہی تھی کہ شینا اس کی چھوٹی بہن ہے۔ لیکن یہ تعلقات اس وقت ایک عجیب موڑ اختیار کرگئے جب اندرانی شوہر پیٹر بیٹے راہول اور اندرانی کی بیٹی شینا کے درمیان محبت ہوگئی۔