پولیس اسٹیشن میں بیک وقت ملزمین سے پوچھ تاچھ
ممبئی۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شینا بورا قتل کیس میں پولیس نے آج سابق اسٹار انڈیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیٹر مکرجی کا بیان ریکارڈ کیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ ان کی موجودگی میں ان کی اہلیہ اندرانی اور دیگر 2 ملزمین سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ پیٹر مکرجی اپنا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے آج صبح 10:30 بجے کھار پولیس اسٹیشن پہنچے، اور اس وقت کیس میں ملوث اندرانی اور ان کے سابق شوہر سنجیو کھنہ اور ڈرائیور شیام رائے کو وہاں لایا گیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ پولیس نے تینوں ملزمین سے پیٹر اور ان کے وکلاء کی موجودگی میں پوچھ تاچھ کی ہے۔ پولیس نے سال 2012ء میں شینا بورا کے قتل اور نعش کو دفن کردینے کے الزام میں 24 اگست کو اندرانی کی گرفتاری کے بعد پہلی مرتبہ بیک وقت متضاد بیانات حاصل کئے جبکہ ملزمین اس جرم کیلئے ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہرا رہے ہیں۔ اندرانی مکرجی پر الزام ہے کہ اپنے سابق تعلقات سے پیدا دختر شینا کا مالیاتی تنازعہ پر سال 2012ء میں سابق شوہر سنجیو کھنہ، ڈرائیور شیام رائے کی اعانت سے قتل کردیا تھا جبکہ موجودہ شوہر پیٹر مکرجی گزشتہ ہفتہ پولیس اسٹیشن گئے تھے جبکہ پولیس نے ان کا تحریری بیان قبول کرنے سے انکار کردیا تھا اور ان سے کہا گیا تھا کہ جب پوچھ تاچھ کی ضرورت محسوس ہوگی، انہیں طلب کیا جائے گا۔ مقامی عدالت نے قبل ازیں تینوں ملزمین اندرانی، سنجیو کھنہ اور شیام رائے کو پولیس تحویل میں 5 ستمبر تک توسیع کی تھی۔ پیٹر مکرجی نے 13 سال قبل اندرانی مکرجی سے شادی کی تھی اور ان کے ساتھ ایک میڈیا کمپنی قائم کی تھی۔ ابتداء میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے تھے کہ شینابورا ان کی بیوی کی دختر ہے کیونکہ اندرانی نے اسے (شینا) بہن کی حیثیت سے متعارف کروایا تھا،
لیکن اندرانی کی گرفتاری کے چند دن بعد پیٹر مکرجی نے اپنے بیان میں ترمیم کردی اور بتایا کہ شینا بورا نے انہیں مطلع کیا تھا کہ وہ ان کی سوتیلی دختر (اندرانی کے پہلے شوہر سے پیدا لڑکی) ہے۔ اس کے باوجود وہ اپنی بیوی اندرانی کی بات پر یقین رکھتا تھا۔ گوکہ یہ رشتہ قبول کرنا ان کیلئے مشکل تھا۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ ان کے فرزند راہول مکرجی نے بھی شینا بورا سے رشتہ داری کی نوعیت سے مطلع کیا تھا، لیکن وہ اپنے فرزند کی باتوں پر یقین نہیں کرسکے۔ شینا بورا اور راہول مکرجی کے درمیان قربت پیدا ہوئی۔ وہ، پیٹر مکرجی کی پہلی بیوی سے پیدا ہوئے فرزند ہیں اور اس تعلقات کے تنازعہ پر 24 اپریل 2012ء کو شینا بورا کا کام تمام کردیا تھا۔