( شینا بورا قتل کیس ) اندرانی کا جرم ثابت ہونے پر پھانسی دے دی جائے ملزمہ کے پہلے شوہر سدھارتھ داس کا بیان

کولکتہ۔ یکم ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سنسنی خیز شینا بورا قتل کیس منظر عام پر آنے کے ایک ہفتہ بعد ان کے حیاتیاتی والد ( بائیولوجیکل فادر ) سدھارتھ داس نے آج کہا ہے کہ اندرانی مکرجی کو قتل کیس میں قصور وار پائے جانے پر سخت سزا دی جانی چاہیئے۔ مسٹر داس جنہوں نے اندرانی کے ساتھ شادی کے بغیر ازدواجی زندگی گذاری تھی کہا ہے کہ میں نہیں جانتا کہ انہوں نے یہ گھناؤنا جرم کیا ہے ، اگر انہوں ( اندرانی ) نے ایسا کیا ہے تو بھگوان سے یہ پرارتھنا ہے کہ انہیں سخت سزا دی جائے۔ قبل ازیں ایک ٹیلی ویژن چیانل سے داس نے کہا تھا کہ انہوں نے اندرانی کے ساتھ باقاعدہ شادی نہیں کی تھی اگر اس نے شینا بورا کا قتل کیا ہے تو پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ممبئی پولیس نے ان سے رابطہ قائم نہیں کیا لیکن انہیں میڈیا کے ذریعہ قتل کیس کی اطلاع ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھی پولیس طلب کرے گی میں تعاون کیلئے تیار ہوں۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ25اگسٹ کو اندرانی کی گرفتاری تک شینا کے قتل واقعہ پر خاموش کیوں تھے؟ انہوں نے بتایا کہ میرا ایک خاندان ہے اور میں ایک معمولی ملازمت کرتا ہوں۔ مجھے خوف تھا کہ لب کشائی کرنے پر ان کی پرسکون زندگی میں خلل پڑسکتا ہے۔ مسٹر سدھارتھ داس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اندرانی کا اصرار تھا کہ وہ ان کے ساتھ رہیں جہاں پر شینا بورا فبروری 1987 اور مائیکل ستمبر 1988ء میں پیدا ہوئے۔ بعد ازاں 1989 میں بغیر کسی وجہ کے اندرانی انہیں ( داس ) چھوڑ کر چلی گئی ممکن ہے کہ وہ میرے معیار زندگی سے مطمئن نہیں تھیں جبکہ ان کے بچوں ( شینا ۔ مائیکل ) کو سسرال منتقل کردیا گیا۔ مسٹر داس نے بتایا کہ شینا سے انہوں نے اسوقت بات چیت کی تھی جب وہ دسویں کلاس میں تھی۔ دریں اثناء ایک خاتون نے آج مسٹر داس کی بیوی ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور بتایا کہ وہ سابق میں داس اور اندرانی کے تعلقات سے واقف نہیں ہے لیکن وہ مشکل وقت میں اپنے شوہر کے ساتھ ہے۔