نئی دہلی۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) میڈیا کی سابقہ سرکردہ شخصیت پیٹر مکرجی کا آج سی بی آئی پالی گراف ٹیسٹ کیا تاکہ ان کی سوتیلی بیٹی شینا بورا کے تین سال قبل سنسنی خیز قتل کے مختلف پہلوؤں پر ان کے بیانات کی جانچ کی جاسکے۔ سی بی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لائی ڈیٹیکٹر ٹیسٹ اس لئے ضروری ہوگیا تھا کیونکہ پیٹر مکرجی نے متعدد مرتبہ اپنے بیانات تبدیل کئے اور اس سنسنی خیز قتل کے معاملے میں ان کے جواب اطمینان بخش نہیں تھے۔ 60 سالہ مکرجی کو آج صبح سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری لے جایا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ جس وقت یہ ٹیسٹ کیا گیا تب کمرہ میں صرف ایک سائنٹسٹ اور مکرجی ہی تھے۔ سوالات کی فہرست سی ایف ایس ایل ماہر کے حوالے کی گئی جنہوں نے پیٹر مکرجی سے پوچھ تاچھ کی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بعض جوابات کے دوران فرق واضح طور پر دکھائی دیا لیکن فوری طور پر کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ یہ رپورٹ ابھی ایجنسی کو پیش کی جانی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ سی بی آئی کو رپورٹ ملنے کے بعد ہی اس نتیجہ پر پہنچا جاسکتا ہے کہ پیٹر مکرجی کے جوابات میں فرق تھا یا نہیں۔ سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ جرم کے بارے میں چند سوالات، ان کی اہلیہ اندرانی مکرجی کے ساتھ بات چیت اور خود ان کے اپنے بیانات کے تعلق سے استفسار کیا گیا۔ لائی ڈیٹکشن ٹیکنک دراصل ٹیسٹ کے دوران بیان دیتے وقت ملزم کی کیفیت اور اس کے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔