ممبئی ۔ 21 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام)شینا بورا قتل مقدمہ نے آج پھر ایک نیا موڑ اختیار کرلیا ہے ۔ فارنسک ماہرین نے 2012ء میں جھلسی ہوئی نعش کی ہڈیوں سے حاصل کردہ نمونوں اور حال ہی میں باقیات سے لئے گئے نمونوں میں مماثلت نہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اس دوران سی بی آئی نے آج حکومت مہاراشٹرا کی اس حساس مقدمہ کی تحقیقات قبول کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے جبکہ مقامی عدالت نے ملزم اندرانی مکرجی اُس کے سابق شوہر سنجیو کھنہ اور ڈرائیور شیاور رائے کی عدالتی تحویل میں مزید 15 دن کی توسیع کردی ۔ فارنسک ماہرین نے کھر پولیس اسٹیشن کو 26 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کی جس میں یہ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ہڈیوں کے حاصل کردہ نمونے ممکن ہے ایک دوسرے سے مل گئے اور وہ شینابورا کے نہیں ہوسکتے ۔ جے جے ہاسپٹل نے ثبوت کے طورپر یہ نمونے گزشتہ ماہ پولیس کے حوالے کئے تھے ۔