شیل کمپنیوں کیخلاف مہم : بنگلورو، چینائی سے دو گرفتاریاں

جی ڈی ریڈی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل اور لیاقت علی کو جیل بھیج دیا گیا۔ دونوں جعلسازی میں ملوث
نئی دہلی ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دو اشخاص کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک انجینئرنگ گرائجویٹ ہے۔ یہ اقدام 500 شیل کمپنیوں کے خلاف اس کے حالیہ آپریشن کا حصہ ہے، جن پر بڑی مقدار میں کالا دھن جمع کرنے کا شبہ ہے۔ ای ڈی ایجنسی نے دونوں کی شناخت جی ڈی ریڈی اور کے لیاقت علی کی حیثیت سے کی ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ انھیں شیل کمپنیوں کے خلاف اس کی کارروائی کے تسلسل میں قانون انسدادِ غیرقانونی رقمی لین دین (پی ایم ایل اے) کے دفعات کے تحت ترتیب وار بنگلورو اور چینائی سے گرفتار کیا ہے۔ اس نے آپریشن کے تحت ملک میں مختلف کھاتوں میں 20 کروڑ روپئے مالیت کے بینک ڈپازٹس منجمد بھی کردیئے ہیں۔ ای ڈی نے یکم اپریل کو ملک گیر دھاوے کئے جس میں جاسوس عہدیداروں نے 16 ریاستوں میں مارکیٹ کے مقامات، بزنس سنٹرز، رہائشی جگہوں اور حتیٰ کے کرائے پر دیئے گئے مکانات پر دھاوے کرتے ہوئے مبینہ مشکوک فرمس کا پتہ چلانے کی کوشش کی تھی جو ایجنسی کا ماننا ہے کہ ملک میں کالادھن کے ’’اہم مقامات‘‘ ہیں۔ ایجنسی نے کہا کہ ریڈی بنگلورو میں انڈسٹریل پروڈکشن میں انجینئرنگ گرائجویٹ ہے اور اس نے زائد از 20 شیل کمپنیوں کی تشکیل کی ، مشکوک ذرائع سے قرض حاصل کیا اور یونین بینک آف انڈیا اور دیگر بینکوں کو جعلی دستاویزات پیش کرتے ہوئے نیز تلبیس شخصی کے ذریعہ زائد از 70 کروڑ روپئے کا چونا لگایا ہے۔ اسے خصوصی عدالت نے دو یوم کیلئے ای ڈی تحویل میں دیا ہے۔ چینائی کے دیگر معاملہ میں لیاقت علی کو جعلی دستاویزات استعمال کرتے ہوئے شیل کمپنیوں کے ذریعے بیرونی زرمبادلہ کے حصول کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اسے بھی ایک خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد چینائی کی جیل کو بھیج دیا گیا ہے۔