مظفرپور / پٹنہ ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مظفر پور شیلٹر ہوم سیکس اسکینڈل مندر کے کلیدی ملزم برجیش ٹھاکر نے بہار کی وزیر سماجی بھلائی منجو ورما سے کسی ربط و تعلق کی تردید کی اور دعوی کیا کہ اس کو سیاسی اغراض و مقاصد کے لیے اس مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے۔ پوسکو کی خصوصی عدالت کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے برجیش ٹھاکر نے الزام عائد کیا کہ انہیں سیاسی بلی کا بکرا بنایا گیا ہے کیوں کہ آنے والے انتخابات میں انہیں کانگریس کا ٹکٹ دیا جانے والا تھا۔ تاہم انہوںن ے واضح نہیں کیا کہ آیا وہ آئندہ سال کے پارلیمانی انتخابات یا 2020ء کے بہار اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس دوران کانگریس کے ایم ایل سی پریم چند مشرا نے کہا کہ برجیش ٹھاکر کانگریس کا ابتدائی رکن بھی نہیں ہے۔