شیعہ وقف بورڈ نے یو پی وزیر محسن رضا کو متولی کے عہدہ سے برطرف کردیا

لکھنؤ ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی شیعہ وقف بورڈ نے اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ کابینہ کے واحد مسلم وزیر محسن رضا کو قانون کی خلاف ورزی اور موقوفہ جائیدادوں کی فروخت کے الزامات کے تحت اناؤ میں ایک موقوفہ جائیداد کے متولی کے عہدہ سے برطرف کردیا ہے لیکن محسن رضا نے ان الزامات کو سازش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ ایک سازش کے تحت ان کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔ مرکزی شیعہ وقف بورڈ نے لکھنؤ کی فرینڈس کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائیٹی کے سکریٹری راج بابو اسلوگی کے علاوہ اصغر رضا ، صیفی مرزا ، کافی مرزا ، یونس ظہیر ، صالحہ بیگم ، اختر حسین ہادی اور فیروز رحیم کے خلاف بھی کارروائی کی ہے ۔ شیعہ مرکزی وقف بورڈ کے ترجمان عابد رضا نے کہا کہ محسن رضا وقف جائیداد اور وقف عالیہ بیگم کے موروثی قبرستانوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کررہے تھے ۔