کارروائی کرنے پر صدر سیرت زہرا کمیٹی علی رضا کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/29مئی، ( پریس نوٹ ) صدر مرکزی سیرت الزہرا کمیٹی جناب علی رضا نے چیف منسٹر حکومت تلنگانہ جناب کے چندر شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ریاست کے مختلف مقامات پر شیعہ زائرین کی سہولت کیلئے حسینی بھون کی تعمیر کے لئے ان کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اسے محکمہ اقلیتی بہبود سے رجوع کیا ہے۔ جناب علی رضا نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ ریاست کی شیعہ اقلیت کی فلاح و بہبود کیلئے جو اقدامات کررہے ہیں وہ اس سے پہلے کسی اور چیف منسٹر نے نہیں کئے۔ ریاست میں جگہ جگہ بے حساب شیعہ اوقافی جائیدادیں پھیلی ہوئی ہیں اور عاشور خانوں کی کثرت ہے جہاں ہر سال ایام عزا میں ہزاروں زائرین بلالحاظ مذہب و ملت زیارت کے لئے آتے ہیں۔ لیکن ان کو وہاں کسی قسم کی سہولت میسر نہیں ہے اور ان زائرین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارب ہائے روپئے کی شیعہ وقف اراضیات موجود ہیں لیکن ان سے خاطر خواہ استفادہ نہیں کیا جارہا ہے جو افسوسناک امر ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ شیعہ جائیدادوں سے مناسب اور بھرپور استفادہ کیا جائے اور منشائے وقف کی تکمیل کرتے ہوئے شیعہ زائرین کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں سیرت زہرا کمیٹی کا ایک وفد بہت جلد چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے ضروری نمائندگی کرے گا اور مجوزہ حسینی بھون کی تعمیر کیلئے مقامات کی نشاندہی کرے گا۔