شیعہ برادری کے رشتوں کا دوبدو پروگرام آئندہ ماہ مقرر

دفتر ایم ڈی ایف میں رجسٹریشن و پیامات کی نشاندہی کا کام جاری
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( دکن نیوز ) : شیعہ برادری کیلئے آئندہ دوبدو ملاقات پروگرام ماہ مئی کے دوران منعقد کیا جائے گا تاکہ شیعہ لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں والدین و سرپرستوں کو معیاری اور موزوں رشتوں کے انتخاب میں سہولت ہو ۔ علی رضا صدر مرکزی سیرت الزہرا کمیٹی نے آج صدر ایم ڈی ایف عابد صدیقی سے ملاقات کر کے ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے دوبدو ملاقات پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں شیعہ برادری کیلئے دو مرتبہ دوبدو پروگرام شہر میں منعقد کئے گئے جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ کئی والدین و سرپرستوں کا اصرار ہے کہ اس نوعیت کا ایک اور پروگرام جلد از جلد منعقد کیا جائے ۔ ایم اے قدیر نائب صدر ایم ڈی ایف کے بموجب گذشتہ تین ماہ کے دوران شیعہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے لڑکوں و لڑکیوں کے 200 سے زائد رجسٹریشن کروائے گئے ۔ اور دفتر ایم ڈی ایف پر پیامات کی نشاندہی کا کام جاری ہے ۔ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے جاری مفت خدمات کی شیعہ برادری کے علماء ، ذاکرین اور دانشوروں نے بھر پور ستائش کی ۔ جناب علی رضا نے خواہش مند والدین و سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ وہ دفتر ایم ڈی ایف پر پیامات کیل’ے رجسٹریشن کروالیں ۔۔