شیر خوار لڑکے کے قتل کے بعد نتن یاہو کا محمود عباس کو فون

یروشلم 31 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے آج فلسطینی صدر محمود عباس کو غیر متوقع طور پر فون کیا اور ایک فلسطینی شیر خوار لڑکے کے قتل کی مذمت کی ۔ یہ لڑکا ایک حملہ میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ نتن یاہو نے اس واقعہ کی جامع تحقیقات کروانے کا تیقن دیا ہے ۔ نتن یاہو کے دفتر نے بتایا کہ وزیر اعظم نے صدر فلسطین سے کہا کہ اسرائیل میں ہر کوئی دہشت گردی کے اس حملہ کی مذمت کرتا ہے ۔ اس حملہ میں ایک 18 ماہ کا شیر خوار لڑکا فوت ہوگیا تھا ۔ نتن یاہو نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کی ہر صورت میں مذمت کرنی چاہئے اور چاہے کسی بھی جانب سے ہو اس کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ نتن یاہو نے محمود عباس سے کہا کہ انہوں نے سکیوریٹی فورسیس کو ہدایت دی کہ وہ قاتلوں کا پتہ چلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں اور تمام وسائل استعمال کریں۔ گذشتہ مرتبہ نتن یاہو نے 17 جولائی کو محمود عباس کو فون کرتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کے اختتام پر عیدالفطر کی مبارکباد دی تھی ۔