تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے فاریسٹ عہدیداروں کا اجلاس ، 3 اہم ٹائیگر کاریڈرس کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ): تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے فاریسٹ عہدیداروں کا ایک بین ریاستی کوآرڈینیشن اجلاس آج عادل آباد میں منعقد ہوا ۔ جس کا مقصد دونوں ریاستوں کے جنگلات کے محکمہ جات کے درمیان بنیادی سطح پر بہتر تال میل پیدا کرنا ہے تاکہ ٹاڈوبا ۔ اندھاری ۔ کاوال ٹائیگر لینڈ اسکیپ کا مینجمنٹ بہتر ہوسکے ۔ اس اجلاس میں 3 اہم ٹائیگر کاریڈرس کی نشاندہی کی گئی ۔ دونوں ریاستوں کے کاریڈرس کے عہدیداروں نے این ٹی سی اے کے عہدیداروں کی نگرانی میں ٹائیگر مینجمنٹ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس اجلاس میں شیروں کی نقل و حرکت کی تال میل کے ساتھ بہتر انداز میں نگرانی کرنے ، انفارمیشن اور ٹکنالوجی کے تبادلہ کا فیصلہ کیا گیا اور بہتر تال میل اور ہم آہنگی کے لیے وقفہ وقفہ سے دونوں ریاستوں کے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے درمیان اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ یہ اجلاس نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھاریٹی کی جانب سے انوپ کمار نائیک ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ، پراجکٹ ٹائیگر اینڈ ممبر سکریٹری ، نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھاریٹی کی صدارت میں طلب کیا گیا تھا ۔ اس اجلاس میں مسٹر منیندرا ، ایڈیشنل پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ( وائیلڈ لائف ) تلنگانہ ، مسٹر نتین کاکوڈکر ، پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ( وائیلڈ لائف ) ، مہاراشٹرا ، کاوال ، پینچ اور ٹاڈوبا ٹائیگر ریزروس کے فیلڈ ڈائرکٹرس این ٹی سی اے کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرلس اور اسسٹنٹ انسپکٹر جنرلس ، ڈی ایف اوز ، ایف ڈی اوز ، اے سی ایفس اور دونوں ریاستوں کے رینج آفیسرس نے شرکت کی ۔۔