فوج سے تعاون حاصل ، پولیس کمشنر مہیندر ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدیق نگر فرسٹ لانسر کے علاقہ میں فوجیوں کی جانب سے جلا دئیے گئے کمسن شیخ مصطفی کی موت کی تحقیقات میں پولیس نے پیشرفت کی ہے ۔ تاہم کمشنر پولیس نے کہا کہ فی الحال کسی بات کو منظر عام پر نہیں لایا جائے گا جس سے کہ تحقیقاتی عمل میں مشکلات و رکاوٹ پیش آسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیس کی تحقیقات ماہرین اور تجربہ کار اعلیٰ افسروں کی نگرانی میں جاری ہیں ۔ فوج کی جانب سے پولیس کو مکمل تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کمسن کی ہلاکت ایک انتہائی حساس معاملہ ہے اور یہ ایک معمہ بن گیا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سٹی پولیس بہت جلد اس معمہ کو حل کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ کیس ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن ہی میں رجسٹر رہے گا لیکن سی سی ایس کی خصوصی ٹیمیں تحقیقاتی عمل میں اپنا تعاون پیش کریں گی ۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ تحقیقات پر سکون انداز میں تیزی سے جاری ہیں اور بہت جلد بہترین نتائج برآمد ہوں گے ۔۔