شیخ محمد اقبال کو اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود اے پی کی زائد ذمہ داری

حیدرآباد۔/18ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جناب شیخ محمد اقبال (آئی پی ایس )کمشنر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش کو اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ آندھرا پردیش حکومت میں موجودہ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) نے 31ڈسمبر تک رخصت حاصل کرلی ہے۔ حکومت نے ان کی رخصت منظور کرتے ہوئے جناب شیخ محمد اقبال کو اسپیشل سکریٹری کی زائد ذمہ داری دی۔ چیف سکریٹری آندھرا پردیش آئی وائی آر کرشنا راؤ نے یہ احکامات جاری کئے۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش حکومت نے شیخ محمد اقبال کو نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن مقرر کیا تھا تاہم تلنگانہ حکومت کی درخواست پر انہوں نے عہدہ کا جائزہ حاصل نہیں کیا۔ تلنگانہ حکومت نے خواہش کی تھی کہ اقلیتی اداروں کی تقسیم کے بعد ان احکامات پر عمل آوری کی جائے۔ اب جبکہ اقلیتی فینانس کارپوریشن تقسیم کے آخری مرحلہ میں ہے لہذا تقسیم کے بعد شیخ محمد اقبال آندھرا پردیش میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر ہوں گے۔ اسی دوران آندھرا پردیش حکومت انہیں اسپیشل آفیسر وقف بورڈ مقرر کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں جلد احکامات جاری کئے جائیں گے۔ شیخ محمد اقبال اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے آندھرا پردیش کے اوقافی اُمور کی ذمہ داری نبھائیں گے۔