وائی ایس جگن کا اعلان، اقلیتوں کی جامع ترقی کیلئے پالیسی کی تیاری
حیدرآباد ۔ 4۔جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سابق آئی پی ایس عہدیدار شیخ محمد اقبال کو قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے دعوت افطار میں باقاعدہ اعلان کیا اور شیخ محمد اقبال کو اپنے فیصلہ سے واقف کرایا ۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں شیخ محمداقبال نے حلقہ اسمبلی ہندو پور سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا ۔ تاہم انہیں فلم اسٹار بالا کرشنا کے مقابلہ شکست ہوئی تھی ۔ حکومت اور نظم و نسق میں شیخ محمد اقبال کی خدمات حاصل کرنے کیلئے انہیں قانون ساز کونسل کی رکنیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جگن موہن ریڈی کے اعلان کے ساتھ ہی سماج کے مختلف طبقات نے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور شیخ محمد اقبال کو مبارکباد پیش کی ۔ آندھراپر دیش کابینہ کی تشکیل 8 جون کو ہوگی۔ ایسے میں کابینہ میں شمولیت کیلئے جن ناموں پر غور کیا جارہا ہے، ان میں شیخ محمد اقبال کا نام شامل ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے اسمبلی کیلئے 4 مسلم ارکان منتخب ہوئے جبکہ کونسل میں ایک بھی مسلم نمائندگی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی طرف نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش قانون ساز کونسل میں چند نشستیں مخلوعہ ہیں اور جلد شیخ محمد اقبال کو کونسل کا رکن نامزد کرنے کی کارروائی شروع کی جا ئے گی ۔ اسی دوران شیخ محمد اقبال جو ان دنوں حیدرآباد میں ہیں، بتایا کہ جگن موہن ریڈی اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی میں سنجیدہ ہیں اور بہت جلد تعلیمی اور معاشی ترقی کے بارے میں ایکشن پلان تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل جگن موہن ریڈی سے اقلیتی بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی طرح وائی ایس جگن بھی مسلمانوں کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھرا کے مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے انہیں مبار کبادی موصول ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ شیخ محمد اقبال متحدہ آندھراپردیش میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وقف بورڈ کے اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں اہم رول ادا کیا اور غیر مجاز قابضین کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مسلمانوں کے دلوں میں جگہ بنالی ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد انہیں آندھراپردیش الاٹ کیا گیا جہاں وہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے عہدہ پر فائز رہے۔ انہیں انسپکٹر جنرل پولیس کے عہدہ پر ترقی دی گئی اور اسی عہدہ پر وہ سبکدوش ہوئے ۔ انتخابات سے قبل شیخ محمد اقبال نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔