شیخ محمد اقبال کمشنر اقلیتی بہبود برقرار ، اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کے مسئلہ پر عدم فیصلہ

سی ای او وقف بورڈ امور کے نگرانکار ، نئے اسپیشل آفیسر کے تقرر پر مذہبی و سیاسی نمائندوں کی کے سی آر سے نمائندگی
حیدرآباد ۔18 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کے تقرر کے مسئلہ پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ آئی پی ایس عہدیدار شیخ محمد اقبال کی بحیثیت اسپیشل آفیسر میعاد آج مکمل ہوگئی۔ وہ کمشنر ا قلیتی بہبود کے عہدہ پر بدستور برقرار رہیں گے۔ حکومت نے وقف بورڈ کی میعاد کی تکمیل کے بعد 6 ماہ کی مدت کیلئے شیخ محمد اقبال کو اسپیشل آفیسر مقرر کیا تھا۔ اقلیتی بہبود کے اسپیشل سکریٹری سید عمر جلیل نے وقف بورڈ کی تشکیل میں تکنیکی دشواریوں کے پیش نظر اسپیشل آفیسر کی میعاد میں توسیع کی سفارش کی تھی۔ یہ فائل بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری کے پاس زیر التواء ہے ۔ اسی دوران چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے اسپیشل آفیسر کے تقرر کے سلسلہ میں بعض قریبی عہدیداروں سے مشاورت کی۔ شیخ محمد اقبال کی میعاد آج مکمل ہونے کے بعد چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ تمام ضروری امور کے نگرانکار ہوں گے۔ شیخ محمد اقبال کی توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے شہر کی مقامی جماعت نے حکومت پر زبردست دباؤ بنانا شروع کردیا ہے۔ بعض عوامی نمائندوں کے ہمراہ مذہبی شخصیتوں نے آج چیف منسٹر سے ملاقات کی اور نئے اسپیشل آفیسر کے تقرر کی اپیل کی۔

انہوں نے موجودہ اسپیشل آفیسر کے انداز کارکردگی کی مخالفت کرتے ہوئے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کسی عہدیدار کو نامزد کرنے کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وفد نے وقف بورڈ کی تشکیل جدید کیلئے عاجلانہ اقدامات کی مانگ کی ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں کئی عہدے مخلوعہ ہیں جن پر حکومت کو تقررات کرنے ہیں۔ اقلیتی بہبود کیلئے علحدہ وزیر کی کمی کے علاوہ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری کے عہدہ پر ابھی تک کسی آئی اے ایس عہدیدار کا تقرر نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ بعض دیگر علاقوں کے اہم عہدے بھی خالی ہیں اور زائد ذمہ داری کے طور پر یہ عہدے تقسیم کئے گئے ۔ آندھراپردیش کی تقسیم اور دو نئی ریاستوں کی تشکیل کے بعد دونوں ریاستوں میں محکمہ اقلیتی بہبود کے امور پر متعلقہ حکومتوں کی توجہ انتہائی کم دکھائی دے رہی ہے۔ آندھراپردیش کی حکومت نے کابینہ میں کسی مسلم وزیر کو شامل نہیں کیا اور وزیر اطلاعات تعلقات عامہ پی رگھوناتھ ریڈی کو اقلیتی بہبود کا قلمدان تفویض کیا گیا۔ دونوں ریاستوں میں آئی اے ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ میں تاخیر کے سبب بھی محکمہ کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔