سرینگر ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کی اپوزیشن نیشنل کانفرنس نے آج اپنے بانی سابق چیف منسٹر شیخ محمد عبداللہ کی 34 ویں برسی منائی۔ یہاں ڈل جھیل کے کنارے شیخ عبداللہ کی مزار پر گلہائے عقیدت پیش کیا گیا۔ پارٹی صدر سابق مرکزی وزیر فاروق عبداللہ اور پارٹی کے کارگذار صدر سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے نسیم باغ میں واقع شیخ عبداللہ کی قبر پر پہنچ کر فاتحہ خوانی کی اور چادرگل پیش کیا۔ وادی میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر پارٹی نے چھوٹی سی تقریب منعقد کی جس میں قرآن خوانی کی گئی۔ بعدازاں نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح پر پارٹی ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شیخ عبداللہ کے خوابوں کو پورا کرنے اور کشمیر کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے آراستہ کرنے کیلئے کام کریں گے۔