نئی دہلی۔12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پردۂ سیمیں کی معروف اداکارہ کیٹرینہ کیف نے حضرت شیخ سلیم چشتی ؒ کی بارگاہ میں حاضری دی اوراپنی آنے والی فلم "بار بار دیکھو” کی کامیابی کیلئے دعائیں کی۔ کیٹرینہ کیف نے جو پچھلے ایک برس میں درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتی فتح پور سکری جاکر سات دفعہ حاضری دے چکی ہیں، کل درگاہ پہنچیں تو سجادہ نشین پیرزادہ رئیس میاں چشتی کے چھوٹے صاحبزادے سیف فریدی نے ان کی حاضری کرائی اور انہیں درگاہ کی چادر پیش کرکے دعائیں دیں۔کیٹرینہ کے ذریعہ درگاہ میں حاضری دینے کا مقصد اپنی آنے والی فلم”بار بار دیکھو” کی کامیابی کی دعا کرنا تھا۔ کیٹرینہ کیف نے سابقہ موقع پر جو دھاگا باندھا اسے کل کھولا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کیٹرینہ کیف کی دعا قبول ہوئی تھی۔کیٹرینہ کی درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے ، وہ اپنی ہر فلم کی نمائش سے قبل درگاہ آکر اس فلم کی کامیابیوں کی دعائیں کرتی ہیں۔