نئی دہلی 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے عوامی لیگ کی لیڈر شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کی حیثیت سے تیسری مرتبہ حلف لینے پر مبارکباد دی ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے شیخ حسینہ کے نام دوبارہ اقتدار ملنے پر مبارکبادی کا پیام روانہ کیا ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔ وزیراعظم نے پیام روانہ کرنے کیبعد آج رات شیخ حسینہ سے ٹیلیفون پر ربط قائم کیا اور کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کے ساتھ باہمی روابط کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے شیخ حسینہ اور بنگلہ دیش کے عوام کو ملک میں جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کی کوششوں کیلئے مبارکباد دی ۔وزارت امور خارجہ کے ترجمان نے یہ بات بتائی ۔
سلمان خورشید کے خلاف
سیاہ جھنڈیوں کے ساتھ مظاہرہ
فرخ آباد ۔ /12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر امور خارجہ سلمان خور شید کی ایک تقریب میں شرکت کے دوران دائیں بازو گروپ کے ارکان نے سیاہ پرچموں کے ساتھ مظاہرہ کیا اور ان کے خلاف نعرے لگائے ۔ سلمان خورشید جو فرخ آباد کے رکن پارلیمنٹ ہیں یہاں ذاکر حسین ٹرسٹ کے زیراہتمام ایک تقریب میں طلباء میں شمسی لائیٹس تقسیم کررہے تھے کہ اچانک ہندو جاگرن منچ کے کارکنوں نے نعرے بازی شروع کردی ۔ انہوں نے سیاہ جھنڈیاں بھی دکھائی ۔ ان کارکنوں کا یہ الزام تھا کہ تقریب کے مقام پر کانگریس حامیوں نے ان پر حملہ کیا ۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا اور تنظیم کے سٹی صدر آر ڈی مشرا کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔