ڈھاکہ /نئی دہلی ۔18مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم شیخ حسینہ نے ہندوستان کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کو بنگلہ دیش کے دورہ کی دعوت دی ۔ انہوں نے یہ توقع ظاہر کی کہ دونوں پڑوسی ممالک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی مسائل کو مذاکرات کے ذریعہ حل کریں گے ۔ وزیراعظم کے دفتر کے ترجمان نے بتایا کہ شیخ حسینہ نے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کو فون پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کسی موزوں تاریخ پر بنگلہ دیش کے دورہ کی دعوت بھی دی ۔ ترجمان نے بتایا کہ شیخ حسینہ نے 16مئی کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج سامنے آتے ہی فوری ایک مکتوب نریندر مودی کو روانہ کیا تھا ۔
انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی سے یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ ہند۔ بنگلہ دیش روابط متاثر ہوسکتے ہیں کیونکہ حکمراں عوامی لیگ کے کانگریس کے ساتھ کافی اچھے تعلقات استوار تھے ‘ تاہم ماہرین کی یہ رائے ہے کہ باہمی روابط میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ عوامی لیگ جنرل سکریٹری اور مقامی وزیرسید اشرف الاسلام نے کہا کہ بنگلہ دیش میں بی جے پی کی کامیابی پر ضرورت سے زیادہ خوش ہونے والوں کو خارجہ پالیسی کا اندازہ نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کا یہ تاثر ہے کہ دہلی میں چونکہ کانگریس اقتدار پر نہیں ہے اس لئے عوامی لیگ بھی یہاں بیدخل ہوجائے گی لیکن یہ صرف بچکانہ سوچ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خارجہ پالیسی سے واقفیت رکھنے والا کوئی بھی شخص ایسی بات نہیں کہہ سکتا ۔