شیخ حسینہ سے حاصل کردہ ایوارڈ واپس کرنے پاکستانی صحافی کی دھمکی

اسلام آباد ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سرکردہ صحافی حامد میر نے اعلان کیا ہیکہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کے ہاتھوں 2013ء میں ان کے مرحوم والد وارث میر کو پیش کردہ ایوارڈ واپس کردیں گے کیونکہ وہ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کا وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ حامد میر نے 2013ء میں اپنے والد وارث پر بعدازمرگ دیا جانے والا یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ وارث میر نے 1971ء میں اس پاکستانی فوجی کارروائی کی مخالفت کی تھی جس کے نتیجہ میں اس وقت کے مشرقی پاکستان کی علحدگی کے ساتھ ایک آزاد ملک بنگلہ دیش وجود میں آیا تھا۔ حامد میر جو جیو ٹی وی پر ایک مشہور و معروف ٹاک شو ’’کیپٹل ٹاک‘‘ پیش کرتے ہیں کہا کہ ’’تعلقات کو بہتر بنانے کے بجائے وہ (حسینہ) تعلقات کو بگاڑ دی ہیں۔ ان ایوارڈس کے ذریعہ انہوں نے ہمیں دھوکہ دیا ہے‘‘۔