حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( نمائندہ خصوصی ) : ملک و قوم کے بہادر سپوت شہید فیروز خاں کی بیوہ ، جنہیں آرمی ڈے کے موقع پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے بہادری کا ایوارڈ دیا تھا نے آج صبح ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور صدر جمہوریہ اور چیف آف آرمی کی جانب سے دئیے گئے ایوارڈ اور توصیف نامے کے تعلق سے تمام تفصیلات سے واقف کروایا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی ، شہید فیروز خاں کی غمزدہ بیوہ سے خوش دلی کے ساتھ ان کا خیر مقدم کیا اور تمام باتیں تفصیل سے سماعت کی شہید فیروز خاں کی بیوہ نسرین بیگم نے ڈپٹی چیف منسٹر کو بتایا کہ سنٹرل گورنمنٹ اور آرمی نے جو ان سے وعدے کئے تھے وہ پورے کردئیے گئے ہیں ۔ آرمی نے تاحال انہیں ان کے تینوں بچوں اور ان کی ساس کے نام سے فی کس 5 لاکھ روپئے بنک اکاونٹ میں جمع کرادئیے ہیں ۔ مگر ریاستی حکومت نے ابھی تک اس سلسلے میں کسی وعدے کی تکمیل نہیں کی ہے ۔ جس سے وہ کافی مایوس ہیں جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اس وقت کانگریس کی حکومت تھی جس نے اپنے وعدے کی تکمیل نہیں کی ۔ تاہم تلنگانہ کی نئی حکومت آپ کو ایک پلاٹ ضرور دے گی اور ساتھ ہی تینوں بچوں کی تعلیم کا مکمل خرچ بھی حکومت برداشت کرے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر شہید فیروز خاں کی بیوہ نسرین بیگم کو اپنے ارکان خاندان سے بھی ملایا اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔۔
لانس نائک شہید فیروز کی بیوہ نسرین بیگم نے آج دفتر روزنامہ سیاست پہنچ کر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کی اور 15 جنوری 2015 کو منعقدہ آرمی ڈے کے موقع پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے حاصل کردہ بہادری ایوارڈ اور چیف آف آرمی کے ہاتھوں حاصل ہوئے میڈلس سے واقف کرایا ۔ جس پر جناب زاہد علی خاں نے اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے ممکنہ حد تک مدد کا یقین دلایا ۔ واضح رہے کہ تقریبا دیڑھ سال قبل جب پاکستانی فوج کی فائرنگ میں لانس نائک فیروز خاں کی شہادت کی اطلاع ملی تھی تو نواب زاہد علی خاں نے اس واقعہ کے فوراً بعد شہید فیروز خاں کی بیوہ اور بچوں کو پچاس پچاس ہزار روپئے سیاست کی جانب سے دئیے تھے اور وعدہ کیا تھا کہ سیاست ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔ اس موقع پر نسرین بیگم نے کہا کہ وہ جناب زاہد علی خاں اور روزنامہ سیاست کی بے حد ممنون و مشکور ہے اور رہیں گی ۔۔