بلدی ملازمین کی نازیبا حرکتوں کو روکنا غریب مسلمان کو مہنگا پڑا
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( نمائندہ خصوصی) : راجستھان میں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے حالیہ عرصہ کے دوران فرقہ پرست ہجوم کے ہاتھوں کئی بے قصور مسلمان جاں بحق ہوئے ۔ ان میں ظفر خان بھی شامل ہیں جنہیں برہم ہجوم نے نہیں بلکہ راجستھان کے برہم بلدی عہدیداروں نے مبینہ طور پر مار مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ 53 سالہ ظفر خاں کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے صبح کی اولین ساعتوں میں رفع حاجت سے فارغ ہونے والی خواتین کی بلدی ملازمین کی جانب سے تصاویر لیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں تصاویر لینے سے روک دیا تھا ۔ ظفر خاں نے شائد ضرورت سے فارغ ہوتی بوڑھی ، جوان خواتین اور لڑکیوں کی تصاویر لینے والے بلدی ملازمین سے یہ سوال بھی کردیا تھا کہ آیا تمہاری ماں ، بہن ، بیٹی اور بیوی کی ایسی تصاویر لینے کی کسی کو اجازت دے سکتے ہو ؟ ظفر خاں کے قتل کو فرقہ پرست فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن بگواسا کچی بستی ( مہتاب شاہ کچی بستی ) میں ہندووں اور مسلمانوں کی ملی جلی آبادی ہے اور جس وقت بلدی ملازمین خواتین کی تصاویر لینے کی کوشش کررہے تھے وہاں ہندو خواتین بھی موجود تھیں سی پی آئی ایم ایل سے ملحقہ آل انڈیا سنٹرل کونسل آف ٹریڈ یونین کے ضلعی صدر ظفر خان نے انسانیت کے ناطے ان ملازمین کو خواتین کی تصویر کشی سے جیسے ہی روکا ان لوگوں نے ان پر لاٹھیوں سے حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے مقتول ظفر خان کے بھائی کی شکایت پر پرتاپ گڑھ ہونیل کونسل کے کمشنر اشوک جین اور دیگر چار عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ ساتھ ہی انصاف کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ظفر خان کے خلاف بھی کئی ایک سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اب تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ راقم الحروف نے پی یو سی ایل کویتا سریواستو سے بات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ PUCL کے اجے سکسینہ اور دیگر جہد کار کامریڈ ظفر خان کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے ممکنہ کوشش کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر وسندھرا راجے سندھیا کی حکومت نے دو لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا لیکن مقتول ظفر خان کی اہلیہ نے یہ کہہ کر اسے واپس کردیا کہ میں 20 لاکھ دے کر اپنے شوہر کے قاتلوں میں سے کسی ایک کا قتل کرنا چاہتی ہوں آیا آپ اس کی اجازت دیں گے ۔ ظفر خان ایک غریب مزدور تھے اور چھوٹی سی کرانہ کی دکان چلایا کرتے تھے ۔ انہیں دو بیٹیاں ہیں صابرہ اور شہباز بی ، 17 سالہ صابرہ 12 ویں جماعت کی طالبہ ہے رشیدہ بی بی اپنے بچوں کے مستقبل اور ان کے تحفظ کو لے کر پریشان ہیں ۔ اس خاندان کی مدد کے خواہاں مرد و خواتین درج ذیل اکاونٹ نمبر پر اپنے عطیات جمع کرواسکتے ہیں ۔۔
Miss Shahbaj B
D/o Mr. Jafar Khan,
A/C : 666610510000412
IFS Code: BKID0006666
Bank Of India, Branch: Pratapgarh