شہیدوں کے ارکان خاندان کی بائیکاٹ سے دستبرداری

نئی دہلی 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہید سکیورٹی پرسونل کے ارکان خاندان جو 13 ڈسمبر 2001 ء میں پارلیمنٹ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہوگئے تھے، نے اپنے اُس بائیکاٹ سے دستبرداری اختیار کرلی جو وہ گزشتہ کئی سال سے پارلیمنٹ میں شہید سکیورٹی پرسونل کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب میں عدم شرکت کے ذریعہ کرتے آرہے تھے۔ شہیدوں کے ارکان خاندان کے ایک وفد نے وزیر برائے پارلیمانی اُمور وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی۔ دریں اثناء وفد کی قیادت کرنے والے آل انڈیا اینٹی ٹیررسٹ فرنٹ سربراہ ایم ایس بٹّا نے بتایا کہ شہیدوں کے ارکان خاندان نے بہادری کے لئے دیئے گئے تمغے بھی حکومت کو واپس کردیئے تھے اور گزشتہ کئی سالوں سے خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب کا بائیکاٹ بھی کررہے تھے کیونکہ ان کی شکایت تھی کہ حکومت نے دہشت گرد محمد افضل گرو کو سزائے موت سنائے جانے کے باوجود اب تک پھانسی پر نہیں لٹکایا ہے۔ بہرحال جیسا کہ قارئین جانتے ہیں کہ افضل گرو کو گزشتہ سال 9 فروری کو تہاڑ جیل میں پھانسی دی جاچکی ہے۔