شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے امداد فراہمی کا مطالبہ

حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم نے علیحدہ تلنگانہ کے کٹر جہد کار سریکانت چاری کی جانب سے تلنگانہ کیلئے 3 ڈسمبر کو خودکشی کے دن کو ’’یوم شہیدان‘‘ قرار دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو کم از کم 10 لاکھ روپئے کی مالی مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس سلسلے میں چیف منسٹر کے نام موسومہ ایک کھلا خط کارگزار صدر تلنگانہ تلگو دیشم ریونت ریڈی نے روانہ کیا ۔ مکتوب میں بتایا گیا کہ علیحدہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران جملہ 1569 افراد شہید ہوئے اور ان تمام شہیدان کے افراد خاندان کی مکمل تفصیلات اکھٹا کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دینے کی خواہش کی گئی۔ شہر حیدرآباد میں یادگار شہیدان تلنگانہ کی تعمیر کے ساتھ اضلاع میں بھی یادگار شہیدان کے مینار تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر سے شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان میں کسی ایک کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے کے علاوہ زرعی اراضی فراہم کرنے مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ علیحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر درج کردہ مقدمات سے بھی دستبرداری اختیار کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا۔