شہلا مسعود قتل کیس : ڈیزائنر زاہدہ و 3 دیگر کو عمر قید

اندور ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آر ٹی آئی جہدکار شہلا مسعود کو بھوپال میں گولی مار کر ہلاک کردینے کے زائد از پانچ سال بعد سی بی آئی کی عدالت نے آج انٹیرئیر ڈیزائنر زاہدہ پرویز اور تین دیگر ملزمین کو اِس قتل کے مجرمین قرار دیتے ہوئے انھیں عمر قید کی سزا سنائی۔ خصوصی سی بی آئی عدالت کی صدارت کرتے ہوئے جسٹس ڈی کے پلوڈا نے اصل ملزمہ زاہدہ اور تین دیگر ملزمین بشمول اُس کی سہیلی صباء فاروقی، ثاقب علی عرف ’ڈینجر‘ اور طابش کو سی بی آئی کی تحقیقات والے اِس کیس میں قتل کے مرتکب قرار دیا۔ تاہم عدالت نے ایک اور ملزم عرفان کو بری کردیا جو کانپور کا متوطن ہے اور سرکاری گواہ بن گیا تھا۔ ایجنسی کے مطابق زاہدہ نے جو شادی شدہ ہے، مجرمانہ ریکارڈ کے حامل ثاقب کو شہلا کے قتل کے لئے کرایہ پر حاصل کیا۔
شامی فوج کے پانی کے پمپنگ اسٹیشن پر قبضے کی متضاد اطلاع
دمشق ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شامی حکومت کی فوج دارالحکومت دمشق کے نزدیک واقع گاؤں عین الفیجہ میں داخل ہوگئی ہے اور اس نے وہاں باغیوں سے پانی کے ایک منبع اور ایک پمپنگ اسٹیشن کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ اسی اسٹیشن سے شامی دارالحکومت کو پانی مہیا کیا جاتا ہے ۔ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ سے وابستہ ایک میڈیا ونگ نے اس اسٹیشن پر قبضے کی اطلاع دی ہے ۔ لیکن ایک مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ شامی فوج ابھی تک اس گاؤں میں داخل نہیں ہوئی ہے ۔ البتہ ایک سمجھوتے کے بعد وہ گذشتہ برسوں سے باغیوں کے زیر قبضہ اس گاؤں میں داخل ہوسکتی ہے ۔