انٹلی جنس متحرک، شرانگیزی پر جیل منتقلی ممکن، مرکزی مبصرین نے رپورٹ طلب کرلی
حیدرآباد۔2ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے 7حلقہ جات اسمبلی میں عوامی نمائندو ںکی سرگرمیوں بالخصوص رکن پارلیمنٹ ‘ سابق ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس پر آبزرورس اور محکمہ انٹلیجنس کی خصوصی نظر ہے ۔بلال نگر میں کانگریس امیدوار جناب کلیم بابا کے جلسہ کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے پر پولیس نے جہانما کے مجلسی کارپوریٹر خواجہ مبشر الدین اور ایک کارکن کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ہے ۔ اس واقعہ میں خواجہ مبشر الدین حسینی پاشاہ اور ایک کارکن کو محکمہ پولیس نے دفعہ 353‘ 127 آر پی ایکٹ‘ اور 143کے تحت گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ہے۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی ساؤتھ زون کے علاوہ شہر حیدرآباد کے ایسٹ اور ویسٹ زون میں مرکزی مبصرین متحرک ہوچکے ہیں اور کہا جار ہا ہے کہ کسی بھی طرح کی ہنگامہ آرائی کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے شرانگیزی کرنے والوں کو جیل بھیج دیا جائے گا۔ کالا پتھر پولیس اسٹیشن کی جانب سے کی گئی اس کاروائی کے فوری بعد مرکزی مبصرین نے شہر حیدرآباد کے 7حلقہ جات اسمبلی کی مکمل رپورٹ وصول کی ۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد میں مقامی جماعت کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور شرانگیزی کے واقعات کی محکمہ انٹلیجنس نے اطلاعات فراہم کی ہیں جس کے پیش نظر شہر حیدرآباد کے ان 7 حلقہ جات اسمبلی میں نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے علاوہ رائے دہی کے دن خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور رائے دہی کے دن کارپوریٹرس کو گشت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسا کرنے کی صورت میں انہیں آر۔ پی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ رائے دہی کی تکمیل تک شہر حیدرآباد کے 7حلقہ جات اسمبلی میں کارپوریٹرس اور امیدواروں کے علاوہ انتخابی سرگرمیوں میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے اور ان کی مسلسل ویڈیو گرافی اور رائے دہی کے دن سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ان پر نظر رکھنے کے خصوصی اقدامات کئے جا چکے ہیں۔ دو یوم قبل حلقہ اسمبلی بہادرپورہ کے کانگریس امیدوار کلیم بابا کے جلسہ پر کئے جانے والے حملہ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے دوران مجلسی کارپوریٹر کی گرفتاری اور جیل منتقلی کے بعد محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں نے واضح کیا کہ پولیس کی جانب سے کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔