72,707 تصاویر میچ ۔ 6,624 کی نشاندہی : بلدیہ کا بیان
حیدرآباد 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقوں میں 1,01,470 ڈپلیکیٹ رائے دہندوں کا پتہ چلایا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک بیان کے مطابق فہرست رائے دہندگان میں یہ نام ایک سے زائد مرتبہ پائے گئے ہیں۔ ریکارڈز کے مطابق ملک پیٹ حلقہ اسمبلی میں 7746 ڈپلیکیٹ رائے دہندے ہیں۔ چارمینار حلقہ میں 4,609 ‘ چندرائن گٹہ میں 10,822 ‘ یاقوت پورہ میں 11,322 ‘ بہادر پورہ میں 10,957 خیریت آباد میں 4,587 ‘ جوبلی ہلز میں 8,693 ‘ نامپلی میں 8,363 ‘ کاروان میں 10,127 ‘ گوشہ محل میں 3,822 ‘ مشیر آباد میں 4,568 ‘ عنبر پیٹ میں 3,882 ‘ صنعت نگر میں 3,370 سکندرآباد میں 4,325 اور کنٹونمنٹ ایریا میں 4,277 ڈپلیکیٹ رائے دہندے پائے گئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 1,01,470 رائے دہندوں کے منجملہ 72,707 تصاویر میچ کرچکی ہیں اور 72,358 انٹریز کو فیلڈ ویریفیکیشن کیلئے دیا گیا ہے تاکہ فہرست رائے دہندگان کو پوری طرح درست بنایا جاسکے ۔ عہدیدار نے کہا کہ 6,624 ووٹرس کی فیلڈ سطح پر جانچ کے دوران نشاندہی کرلی گئی ہے اور کارپوریشن کی جانب سے ان کے نام فہرست سے خارج کرنے سے قبل انہیں نوٹسیں دی جائیں گی ۔