شہر کے کچھ علاقوں و مضافات میں بارش اور ژالہ باری

حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقو ںمیں آج بھی ہلکی اور تیز بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی اور محکمہ موسمیات کے مطابق 3اپریل کو بھی اسی طرح کے موسم کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہاجارہا ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بھی موسمی تبدیلی رونما ہونے کا امکان ہے۔ گذشتہ یوم کی بارش اور ژالہ باری کے بعد آج صبح سے مطلع صاف رہا لیکن دوپہر کے بعد اچانک مطلع ابر آلود ہوگیا اور بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوگیا لیکن شہر کے مضافاتی علاقو ںمیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی اور کئی مقامات پر ژالہ باری کی بھی اطلاع موصول ہوئی ۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں سہ پہر کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ چند منٹوں تک موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا لیکن کچھ ہی دیر میں موسلادھار بارش بوندا باندی میں تبدیل ہوگئی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بارش کے پانی کو جمع ہونے سے روکنے اور تیز ہواؤں کے سبب برقی کھمبوں اور درختوں کے گرنے سے ہونے والے حادثات سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی اسکواڈ کو متحرک رکھا گیا تھا تاکہ کسی بھی مقام پر درخت کے گرنے یا پانی جمع ہونے کے سبب کوئی مسائل پیدا نہ ہونے پائیں۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور دن بھر بوندا باندی کے علاوہ ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق اس غیر موسمی بارش کے دوران ژالہ باری معمول کی بات ہے اور اس کا سلسلہ مزید دو یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے۔بتایا جاتا ہے کہ شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں غیر موسمی برسات کے باعث فصلیں تباہ ہورہی ہیں۔