پولنگ ایجنٹس ہراسانی کا شکار ، ممتاز احمد خاں ایم ایل اے کی ہٹ دھرمی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسسٹ ) سی پی آئی ( ایم ) یاقوت پورہ زون کمیٹی نے ریٹرننگ آفیسر جی ایچ ایم سی الیکشن 2016 سنتوش نگر ڈیویژن کو ایک مکتوب ارسال کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران ایم آئی ایم کی ہٹ دھرمی کے خلاف سخت کارروائی کریں اور دوبارہ رائے دہی کروانے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ مسٹر وائی جئے پال ریڈی گریٹر حیدرآباد ساوتھ زون کمیٹی سکریٹری کے علاوہ عبدالطیف ، بالو نے اپنے بیان میں بتایا کہ 2 فروری کو منعقدہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران بوتھ نمبرس 7 ، 8 ، 21 ، 22 ، 23 ، 24 ، 36 ، 39 میں 2 بجے دن ایم آئی ایم قائد و یاقوت پورہ رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں نے دورہ کیا اور ایم آئی ایم ایجنٹس کے سواء سی پی ایم ، ٹی ڈی پی ، ایم بی ٹی اور دیگر ایجنٹس پر برہمی کا اظہار کر کے پولنگ بوتھ سے باہر نکال دیا ۔ اس کے علاوہ پولنگ آفیسر کے جاری کردہ ایجنٹ کا شناختی کارڈ ( پاس ) اور ان کے پاس موجود ایجنٹ فارمس کو پھاڑ دیا ۔ جس کے ساتھ ہی پولنگ اسٹیشن کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ اس وقت تک وہاں پر 31 فیصد پولنگ ہونے کے باعث ایم آئی ایم کے کارکنوں نے غیر قانونی اور غیر مجاز رائے دہی پر اتر آئے ۔ انہوں نے ممتاز خاں کی اس طرح کی حرکت پر ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور بوتھ واری سطح پر دوبارہ رائے دہی کروانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اس طرح کی حرکت کی ہرگز اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ سی پی آئی ( ایم ) ایسی حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔۔