مضافات میں دفاتر کے قیام کے بعد حالات تبدیل ، مستقبل قریب میں رہائشی جائیدادوں کی مانگ متوقع
حیدرآباد۔16مئی(سیا ست نیوز) شہر حیدرآباد اور نواحی علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتو ںمیں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور جائیداد مالکین جنہوں نے سرمایہ کاری کی غرض سے جائیدادوں کی خریدی کر رکھی تھی وہ اب جائیدادوں کی فروخت کی جانب متوجہ ہونے لگے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل جو حالات پیدا ہوئے تھے ان میں یہ کہا جا رہا تھا کہ رئیل اسٹیٹ بازار میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے اور انتخابات کے بعد بازار کے حالات میں تبدیلی رونما ہوگی اور اس وقت ماہرین کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی اب درست ثابت ہونے لگی ہے اور شہر کے علاوہ شہر کے نواحی علاقو ںمیں موجود جائیدادوں کی قیمتوں میں بھی زبردست اچھال ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات اور اب عام انتخابات کے عمل کی تکمیل کے بعد حالات میں مزید تبدیلی رونما ہوگی اور کہا جا رہاہے کہ شہری علاقوں کے اطراف کی جائیدادوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا کیونکہ ریاست تلنگانہ کے شہری علاقوں میں دفاتر کے لئے مقامات اور جائیدادوں کی طلب میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جار ہاہے کہ نئے دفاتر کے آغاز کے لئے کی جانے والی ان کوششوں کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران ریاست تلنگانہ کے شہری علاقوں میں رہائشی جائیدادوں کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔ جائیدادوں کی قیمتو ںمیں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی عمل آوری کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے والوںکی دلچسپی میں اضافہ ہوتا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ بیرون ریاست کے علاوہ بیرون ملک کمپنیاں بھی شہر حیدرآباد کے علاوہ حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں اپنے دفاترکے قیام کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیںکیونکہ وہ اس بات کو تسلیم کرنے لگے ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری محفوظ ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے بیرونی کمپنیو ںکو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کی جا رہی ہیں بلکہ سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ بیرونی سرمایہ کاروں کو مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ بیرونی کمپنیوں کی شہر میں سرمایہ کاری اور جائیدادوں کی خریدی کے علاوہ دفاتر کے قیام کے فیصلہ کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر کے نواحی علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو دیکھتے ہوئے دوسری ریاستوں سے تعلق رکھنے والے شہری جو ان کمپنیوں میں خدمات انجام دینے کیلئے شہر پہنچ رہے ہیں وہ ان نواحی علاقوں میں رہائش اختیار کر رہے ہیں جس کے سبب ان نواحی علاقوں میں موجود جائیدادوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔