شہر کے مراکز رائے دہی میں اضافہ : دانا کشور

فہرست رائے دہندگان میں 25 ستمبر تک ناموں کا اندراج ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر کا بیان
حیدرآباد۔19ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآبادکے مراکز رائے دہی کی تعداد میں 65مراکز کا اضافہ ہوا ہے اور 10ستمبر کو جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کے مطابق حیدرآباد میں جملہ 3700 مراکز رائے دہی قائم کئے جائیں گے ۔ ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر داناکشورنے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام جاری ہے اور اس کام کے دوران فرضی رائے دہندوں اور دہرے رائے دہندوں کی شناخت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ فہرست رائے دہندگان کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط اور احکامات کے مطابق نقائص سے پاک بنایا جا سکے ۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ پہلی مرتبہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں محکمہ مال کے عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور ان خدمات کے حصول کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے سلسلہ میں خدمات انجام دینے والے عملہ کی مستعدی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ بوتھ لیول آفیسر س اور سپروائزرس کو متنبہ کیا گیا تھا اور اب تک ان کی غیر حاضری کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی بلکہ جہاں کہیں اچانک دورہ کیا گیا وہاں بی ایل اوز اور سپروائزرس موجود پائے گئے ۔ محکمہ مال کے عہدیداروں کی فہرست پر نظرثانی کے عمل میں خدمات کے حصول کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اس عمل کو شفاف بنانے اور کام میں آسانی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے 15اور 16 ستمبر کو کالجس کے علاوہ مختلف مقامات پر نئے رائے دہندوں کے اندراج کیلئے چلائی گئی مہم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہاکہ 18 سال کی عمر کو پہنچنے والوں کے فہرست رائے دہندگان میں اندراج کا سلسلہ 25 ستمبر تک جاری رہے گا اور اسی مدت تک اعتراضات اور ادعا جات قبول کئے جاتے رہیں گے۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ ضلع حیدرآباد کی فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کے علاوہ نئے ناموں کے اندراج کے لئے کئے جانے والے اقدامات اطمینان بخش ہیں اور متوفی رائے دہندوں کے ناموں کو فوری اثر کے ساتھ حذف کرنے کے سلسلہ میں ریکارڈ س کا جائزہ لینے کیلئے ریکارڈس فراہم کئے جاچکے ہیں۔