شہر کے مختلف مقامات پر عصری بس شلٹرس کی تعمیر

مرحلہ وار مزید بس شلٹرس میں اضافہ ، حکومت اور خانگی عوامی شراکت داری منصوبہ پر عمل آوری
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں حکومت نے اندرون 6ماہ عصری بس شیلٹر کی تعمیر کا اعلان کیا تھا جو کہ خانگی شراکت داری کے ذریعہ تعمیر کئے جانے ہیں ان کی تعمیری سرگرمیوں کا تیزی سے آغاز ہو چکا ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر نئے بس شیلٹر کی تعمیر جاری ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 800 سے زائد بس شیلٹر کے قیام کا منصوبہ تیار کیا تھا اور ان کاموں کو مختلف کمپنیو ںکے حوالہ کرتے ہوئے انہیں اندرون 6ماہ مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ جی ایچ ایم سی نے بلدی حدود میں تعمیر کئے جانے والے ان بس شیلٹرس کو 4علحدہ علحدہ زمروں میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بس شیلٹرس کی یہ زمرہ بندی ان میں موجود سہولتوں کے اعتبار سے کی گئی ہے ۔ سہولتوں کے اعتبار سے کی گئی اس زمرہ بندی میں پہلے زمرہ میں 214بس شیلٹر تعمیر کئے جائیں گے جبکہ دوسرے زمرہ میں 219 بس شیلٹر کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ اسی طرح تیسرے زمرہ میں 194 بس شیلٹر کی تعمیر کو منظوری دی گئی ہے اور چوتھے زمرہ میں 199 بس شیلٹر تعمیر کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ پہلے زمرہ میں تعمیر کئے جانے والے 214 بس شیلٹرس میں 110 نئے بس شیلٹرس تعمیر کئے جائیں گے اور 104 موجودہ بس شیلٹرس کی تجدید کی جائے گی اور ان میں عصری سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسر ے زمرہ میں تعمیر کئے جانے والے 219 بس شیلٹرس میں 119 نئے بس شیلٹرس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور 100 موجودہ بس شیلٹرس کی جدید کاری کی جائے گی اسی طرح تیسرے زمرہ میں تعمیر کئے جانے والے 194 بس شیلٹرس میں 98 نئے بس شیلٹر تعمیر کئے جائیں گے اور 96 موجودہ بس شیلٹرس کی جگہ پر انہیں منہدم کرتے ہوئے تجدید کاری کے ساتھ بس شیلٹر تعمیر کئے جائیں گے۔ چوتھے زمرہ میں تعمیر کئے جانے والے 199 بس شیلٹرس میں 103 نئے بس شیلٹرس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی جبکہ 96 مقامات پر موجود بس شیلٹرس کو منہدم کرتے ہوئے ان کی جگہ نئے بس شیلٹرس قائم کئے جائیں گے۔ جی ایچ ایم سی ذرائع کے مطابق شہر کے بیشتر مقامات پر ان بس شیلٹرس کی تعمیر کا آغاز کیا جاچکا ہے اور خیریت آبات آر ٹی اے کے علاوہ عابڈز ‘ بشیر باغ اور کوکٹ پلی و امیر پیٹ کے علاقوں میں اندرون 2 ماہ ان بس شیلٹرس کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے خانگی عوامی شراکت داری منصوبہ کے تحت تعمیر کئے جانے والے ان بس شیلٹرس میں پہلے زمرہ کے بس شیلٹرس ائیر کنڈیشن اور بیت الخلاء کے علاوہ موبائیل چارجر جیسی سہولتوں سے آراستہ ہوں گے اور اسی طرح ہر زمرہ میں سہولتیں کم ہوتی جائیں گی اور ان بس شیلٹرس کی تعمیر کی ذمہ داری خانگی اشتہاری کمپنیوں نے لی ہے جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ بس مسافرین کو یہ بنیادی سہولتیں فراہم کریں اور بس شیلٹر پر اشتہار کے ذریعہ آمدنی حاصل کریں ۔