شہر کے متعدد مقامات پر غیر معلنہ برقی کٹوتی

رات میں برقی گل ہونے سے مچھروں کی یلغار ، محکمہ برقی اور بلدیہ پر عوام کی برہمی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ایک جانب عوام دن بھر کی شدید گرمی سے پریشان تو دوسری جانب رات کے اوقات میں غیر معلنہ برقی کٹوتی سے مزید پریشان ہیں جس کی وجہ سے دن بھر کے تھکے ماندے شہری رات میں گرمی سے نہیں سو پارہے ہیں اور برقی بند ہونے کی وجہ سے مچھر بھی عوام کو پریشان کررہے ہیں یہی حال شہر کے اکثر و بیشتر علاقے جیسے راجندر نگر ، میلاردیوپلی ، شاستری پورم ، عطا پور ، سلیمان نگر اور کشن باغ وغیرہ کا ہے اور خاص کر راجندر نگر سرکل میں کاٹے دھن علاقے جہاں ہزاروں فیکٹریاں واقع ہیں شدید گرمی اور مچھروں کی وجہ سے عوام کی نیند اڑ گئی ہے ۔ خصوصا میلاردیو پلی ، مغل کالونی ، ونائک نگر ، درگاہ نگر ، لکشمی نگر ، علی نگر ، نیو اکبر کالونی ، وٹے پلی ، بابل ریڈی نگر ، پرگتی کالونی ، ٹاٹا نگر ، اور گگن پہاڑ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بار بار غیر معلنہ طریقے سے برقی بند کردی جارہی ہے اور گرمی سے پریشان حال عوام گھر سے باہر آئیں تو مچھر بڑی تعداد میں عوام پر حملہ آور ہورہے ہیں ۔ مسلسل برقی سربراہی اور مچھروں کو ختم کرنے میں عہدیداران اور عوامی نمائندے توجہ نہ دینے کی وجہ سے عوام سخت نالاں ہیں ۔ اور عوام اس بات کو لے کر سخت پریشان ہیں کہ ایک جانب سے شدید دھوپ ، گرمی ہے تو دوسری جانب مچھروں کی کثرت کی وجہ سے ملیریا لاحق ہونے کا امکان ہے ۔ کیوں کہ بستیوں کے نالوں میں گندگی جمع ہوگئی ہے اور بلدی عہدیداران نالوں کی صفائی نہیں کررہے ہیں اور نالے مچھروں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں اور عوام کا الزام ہے کہ عہدیداران سوچھ بھارت کے نام پر بڑی تشہیر تو کررہے ہیں مگر صفائی اور مچھروں کے خاتمہ کے لیے کوئی اقدام نہیں کررہے ہیں ۔ جب کہ لیڈرس اور عہدیداران بار بار اعلان کررہے ہیں کہ 24 گھنٹے مسلسل برقی سربراہ کی جارہی ہے جو کہ صرف زبانی دعوے ہیں حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے کہا کہ عوام کو مسلسل برقی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے اور انہوں نے برقی عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ غیر معلنہ برقی کٹوتی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور عوامی شکایات کی بروقت یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔۔