شہر کے متعدد مقامات پر آج ٹریفک تحدیدات

جمعیۃ الوداع، مچھلی میں دوا کی تقسیم، چیف منسٹر کی افطار پارٹی کے پیش نظر کمشنر سٹی پولیس کے احکامات

حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کی دعوت افطار کے پیش نظر سٹی پولیس نے ایل بی اسٹیڈیم کے اطراف و اکناف علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کی ہیں۔جمعۃ الوداع کے موقع پر بھی پولیس نے 8 جون بروز جمعہ (جمعۃ الوداع) پرانے شہر کے کئی علاقوں میں تحدیدات عائد کرتے ہوئے ٹریفک کا رُخ موڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چیف منسٹر کی دعوت افطار اور مچھلی کی دوا کھلائے جانے کے پروگرامس کے پیش نظر عوام کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے اور مقررہ اوقات سے قبل اپنی آمد و رفت کا منصوبہ بنالیں۔ تفصیلات کے مطابق لال بہادر شاستری اسٹیڈیم میں منعقد شدنی چیف منسٹر کی دعوت افطار کے پیش نظر اے آر پٹرول پمپ سے بی جے آر مجسمہ کی سمت ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اِس کا رُخ نامپلی کے ایل کے اسٹیٹ یا رویندرا بھارتی کی سمت موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح عابڈس اور گن فاؤنڈری کی سمت سے آنے والی ٹریفک کا رُخ بشیر باغ جنکشن اور ایس بی آئی گن فاؤنڈری چیاپل روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس سے بشیر باغ آنے والی ٹریفک کا رُخ حمایت نگر جنکشن وائی جنکشن کی سمت کردیا جائے گا۔ کنگ کوٹھی تا بشیر باغ آنے والی ٹریفک کا رُخ تاج محل ہوٹل اور ایڈن گارڈن فنکشن ہال سے موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح لبرٹی سے بشیر باغ جنکشن کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ لبرٹی جنکشن سے حمایت نگر کی سمت کردیا جائے گا۔ مچھلی میں دمے کی دوا کھلائے جانے کے پروگرام کے پیش نظر پولیس نے نمائش میدان کے اطراف و اکناف علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کرتے ہوئے شہر کے اہم راستوں کا رُخ موڑ دیا۔ مچھلی کی دوا کھانے کیلئے آنے والے افراد سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنی سواریوں بالخصوص کاروں اور بسوں کو گروہا کلپا گگن وہار اور چندرا وہار میں پارک کریں۔ اسی طرح سرکاری بسوں اور ویان میں آنے والی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گاندھی بھون بس اسٹاپ پر اُتر کر نمائش میدان میں داخل ہوں۔ وی آئی پی کار پاس رکھنے والے افراد کو اجنتا گیٹ گاندھی بھون سے گیٹ نمبر ایک سے داخلہ دیا جائے گا۔ پولیس نے شیزان ہوٹل، جونائیل کورٹ اور بھوانی ویانس کے روبرو آٹو الاٹنگ پوائنٹ مقرر کیا ہے۔ ایم جے مارکٹ سے آنے والی عام ٹریفک کا رُخ عابڈس جی پی او اور اسٹیشن روڈ نامپلی کی سمت موڑدیا جائے گا۔ اسی طرح مسلم جنگ پُل اور بیگم بازار چھتری سے نامپلی کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ الاسکا دارالسلام ایک مینار کی سمت موڑ دیا گیا ہے۔جمعۃ الوداع کے موقع پر پرانے شہر کے مصروف ترین راستے چارمینار، مدینہ سرکل، چوک مرغاں اور مغل پورہ کمان کے راستے صبح 9 تا سہ پہر 3 بجے تک مکمل بند کردیئے جائیں گے۔ اسی طرح نیا پُل سے چارمینار کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ مدینہ جنکشن سے سٹی کالج کی سمت کردیا جائے گا۔ ناگول چنتہ اور شاہ علی بنڈہ سے چارمینار کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ ہمت پورہ جنکشن ، ہری باؤلی، والگا ہوٹل ٹی جنکشن کی سمت کردیا جائے گا۔ کوٹلہ عالیجاہ سے چارمینار کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ چوک میدان خان سے حافظ ڈنکا مسجد اور ارمان ہوٹل کی سمت کردیا جائے گا۔ موتی گلی سے چارمینار کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ خلوت میدان، راجیش میڈیکل ہال شاہ علی بنڈہ اور فتح دروازہ کی سمت کردیا جائے گا۔ جبکہ اعتبار چوک سے گلزار حوض آنے والی ٹریفک کا رُخ منڈی میر عالم اور بی بی بازار کی سمت کردیا جائے گا۔ اسی طرح مٹی کا شیرسے گلزار حوض کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ گھانسی بازار ہائیکورٹ کی سمت کردیا جائے گا۔اے پی ٹریبونل کورٹ سے لکڑکوٹ کی سمت آنے والی ٹریفک کا رُخ منڈی میر عالم کی سمت کردیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جمعۃ الوداع کے موقع پر مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے آنے والے مصلیان چارمینار بس ٹرمنل پارکنگ میں اپنی گاڑیاں پارک کرسکتے ہیں۔ اسی طرح شفا خانہ یونانی اور خلوت میدان، قدیم پنشن آفس، اُردو مسکن اور شاہ فنکشن ہال کے سیلار میں بھی گاڑیاں پارک کی جاسکتی ہیں۔ مذکورہ تحدیدات کے پیش نظر آر ٹی سی بسوں کی آمد و رفت بھی متاثر رہے گی۔