شہر کے ماہر اقتصادیات محمد اسد اللہ پرویز کی کوئز کرکٹ ویب سائٹ

حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( نمائندہ خصوصی ) : کسی بھی انسان کی حرکتیں ، انداز بیان ، پہناوے یعنی لباس ، رنگوں کے انتخاب ، اور معاملات سے اس کے ذوق کا اندازہ ہوجاتا ہے ۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے دامن میں ایسی قابل قدر شخصیتوں نے اپنی آنکھیں کھولیں جن کی صلاحیتوں اور قابلیتوں کی دنیا نے غیر معمولی قدر کی ہے ۔ ان شخصیتوں نے جہاں امریکہ و یوروپی ممالک کی ترقی یافتہ دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا وہیں مشرق وسطیٰ کے ریگستانوں میں اپنی خدمات کے انمٹ نقوش چھوڑتے ہوئے انہیں گلستانوں میں تبدیل کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ ایسی ہی شخصیتوں میں حیدرآباد کے ایک باوقار علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے جناب محمد اسد الدین پرویز بھی ہیں جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعی سوچ و فکر کے ذریعہ ملک و ملت کی خدمت میں مصروف ہیں ۔ ان کے بارے میں ایک بات ضرور کہی جاسکتی ہے کہ انہوں نے ملک و ملت کے لیے خدمات انجام دیتے ہوئے خود کو فراموش نہیں کیا ۔ قارئین … آپ نے میڈیا میں متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایرلائنز کا نام ضرور سنا اور پڑھا ہوگا ۔ اس ایر لائنز کو دنیا کے چنندہ اور سرفہرست ایر لائنز میں شامل رہنے کا اعزاز ہے اور اسے اس بات کا بھی اعزاز ہے کہ اس کے سجانے سنوارنے یعنی ترقی و کامیابی کے بلندیوں پر پہنچانے میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد اسد الدین پرویز کا بھی اہم رول رہا ہے وہ ایمریٹس ایرئنز کی اسپیشل پراجکٹ ٹیم کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ ایمریٹس میں مسلسل 32 برسوں تک سینئیر فینانس مینجر کی حیثیت سے لوہا منوانے والے اس فرزند دکن نے دنیا خاص کر مسلمانوں کو ای لرننگ سے واقف کرانے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔

راقم الحروف نے ان سے خصوصی بات چیت کی ۔ اپنی مہارت اور ذوق سے دوسروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے محمد اسد اللہ پرویز نے کوئز کرکٹ ڈاٹ کام اور کوئز یو اے ای ( Quiz UAE اور Quizcricket.com ) نامی دو ویب سائٹس اور پروگرامس لانچ کئے ہیں ۔ ان ویب سائٹس کے آغاز ان کے پیچھے کارفرما وجوہات اور مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر جناب محمد امیر الدین مرحوم و محترمہ جہاندار النساء کے اس قابل فخر سپوت نے بتایا کہ انہوں نے بچوں ، جوانوں ، بوڑھوں اور خواتین میں معلومات کے اضافہ کے لیے ان ویب سائٹس کو فروغ دیا ہے ۔ اس لیے کہ ان ویب سائٹس کے ذریعہ لوگ نہ صرف اپنے علم میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ 18 جنوری کو کوئز کرکٹ نامی ویب سائٹ کا آغاز کرنے والے محمد اسد اللہ پرویز نے بتایا کہ کرکٹ دنیا کا ایک مقبول ترین کھیل ہے خاص طور پر برصغیر ایشیا میں کرکٹ کے شوقین کروڑہا کی تعداد میں پائے جاتے ہیں ۔ ایسے میں انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ کرکٹ پر مبنی کوئز کی ویب سائٹ تیار کی جائے چنانچہ چند ماہ کی محنت کے بعد یہ ویب سائٹ تیار ہوگئی جس میں لوگ اس ویب سائٹ کے ذریعہ عالم کرکٹ کے ریکارڈس اس کھیل اور کھلاڑیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی معلومات کی جانچ بھی کرسکتے ہیں ۔ مزید بتایا کہ یہ ایسی ویب سائٹ ہے

جس کے ذریعہ آپ ہنستے کھیلتے اپنی معلومات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ان کی جانچ بھی کرسکتے ہیں اور کوئی بھی کہیں بھی اور کسی بھی وقت کے اصول پر یہ ویب سائٹ تیار کی گئی ہے ۔ ایرپورٹس ، ریلوے اسٹیشنوں ، بس اسٹیشنوں اور مختلف اداروں و سرکاری دفاتر میں انتظار کے دوران اپنے موبائل فونس پر بھی ویب سائٹ کا مشاہدہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کوئز سے محظوظ ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے آل سینٹس ہائی اسکول سے ابتدائی تعلیم کی تکمیل کے بعد نظام کالج عثمانیہ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ وہ آندھرا بنک میں 5 سال تک اعلیٰ عہدہ پر فائز رہنے کے بعد 1981 میں دوبئی کا رخ کیا ۔ انہیں اپنی دور طالب علمی سے ہی کرکٹ سے لگاؤ رہا ۔ ایرلائنز کرکٹ ورلڈ کپ میں ایمریٹس ایرلائنز کی انہوں نے نمائندگی کی ۔ ان کے تین بچوں نے مغربی ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ۔ ایک بیٹی کینڈا میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ بیٹا ، دوبئی میں اکاونٹنٹ ہے اور تیسری بیٹی ایمریٹس ایرلائنز میں کمرشیل مینجر کے عہدہ پر فائز ہے ۔ ایمریٹس میں خدمات کے دوران تقریبا 60 ممالک کے دورے کرچکے اس ماہر اقتصادیات کا کہنا ہے کہ وہ اختراعی اشیاء نیا پن اور ٹکنالوجی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ انہیں امید ہے کہ اسپانسرس بھی ان پراجکٹس کے لیے آگے آئیں گے ۔ اب وہ ای لرننگ اور سافٹ ویر ڈیولپمنٹ کے شعبہ پر کام کررہے ہیں اور تلنگانہ کی تاریخ پر بھی کوئز کا ویب سائٹ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی انہیں حوصلہ افزائی حاصل ہے ۔۔