انٹری پوائنٹس پر سکیوریٹی گارڈس، وہیکل چیک میکانزم کا فقدان
حیدرآباد 29 نومبر (ایجنسیز) شہر میں زیادہ تر بزنس اداروں اور شاپنگ مالس میں پارکنگ کی جگہ خاطر خواہ سکیوریٹی انتظامات اور نگرانی نہیں ہے۔ داخلہ کے مقام پر کوئی گارڈس یا گاڑیوں کی چیکنگ کا کوئی میکانزم نہیں ہے۔ اشرار دھماکو اشیاء کے ساتھ ان مالس وغیرہ میں آسانی کے ساتھ داخل ہوسکتے ہیں اور انھیں کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ پیر کے دن پولیس کی جانب سے شاپنگ مالس میں کی گئی ایک خصوصی کارروائی میں یہ دیکھا گیا کہ زیادہ تر بزنس اداروں میں وزیٹرس کو بھی کسی چیکنگ کے بغیر اندر جانے کی اجازت ہے اور وہ کسی چیکنگ سے گزرے بغیر شاپنگ مالس کے اندر داخل ہوسکتے ہیں۔ اس کے پیش نظر پولیس نے زیادہ تر شاپنگ مالس اور کمرشیل بلڈنگس کو نوٹسس جاری کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر مناسب سکیوریٹی انتظامات کریں۔ ویسٹ زون ڈی سی پی مسٹر اے وینکٹیشور راؤ نے کہاکہ ’’شاپنگ مالس کے بیسمنٹ پارکنگ جگہ کے انٹری پوائنٹس پر سکیوریٹی گارڈس لازمی طور پر ہونا چاہئے اور انھیں وزیٹرس کو اندر جانے سے قبل گاڑیوں کی اچھی طرح چیکنگ کرنی چاہئے۔ ان کے پاس انڈر ۔ وہیکل سرچ مررس اور میٹل ڈیٹیکٹرس ہونا چاہئے۔ لیکن زیادہ تر ادارہ جات میں اس طرح کے کوئی انتظامات نہیں ہیں‘‘۔ پولیس کے مطابق صرف دو یا تین مالس نے پارکنگ اور بلڈنگ کے باب الداخلہ پر اسٹینڈرڈ سکیوریٹی سسٹم نصب کئے ہیں۔ ان میں ایک اِن آربٹ مال، ہائی ٹیک سٹی نے سائبرآباد پولیس کی جانب سے دباؤ کے بعد اسٹینڈرڈ سکیوریٹی سسٹم کو نصب کیا ہے۔ اِن آربٹ مال کے ایک عہدیدار نے کہا ’’ہم انڈر ۔ وہیکل سرچ مررس کا استعمال کرتے ہوئے تمام گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہیں‘‘۔ بیگم بازار میں واقع ایک شاپنگ کامپلکس عزیز پلازہ میں بم کی جھوٹی اطلاع کے بعد منگل کو پولیس کی جانب سے کی گئی تلاشی کے دوران یہ دیکھا گیا کہ اس عمارت میں سکیوریٹی انتظامات انتہائی ناقص ہیں۔ شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن کے ایک پولیس عہدیدار نے کہا ’’اس بلڈنگ میں کوئی سرویلینس کیمرے نہیں ہیں، گاڈرس نہیں ہیں اور دیگر سکیوریٹی انتظامات نہیں ہیں‘‘۔ عزیز پلازہ کے بزنسمین نے سکیوریٹی کے بہتر انتظامات کرنے کے لئے گزشتہ سال ویسٹ زون پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے احکام کو نظرانداز کردیا ہے۔ پولیس کے سینئر عہدیداروں نے کہاکہ وہ شاپنگ مالس اور شاپنگ کامپلکس میں سکیوریٹی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے وقفہ وقفہ سے چیکنگ کو جاری رکھیں گے۔ پولیس کے عہدیدار دنیا کے مختلف مقامات پر دہشت گردوں کے حملوں کے پیش نظر شاپنگ مالس میں مسلح سکیوریٹی گارڈس رکھنے کی اجازت دینے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔