ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا کیمپ آفس پر جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔25جون(سیاست نیوز) محکمہ آبرسانی اور برقی کے عہدیداروں کو ہر پندرہ دنوں میں اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی نے ہدایت دی۔ آج یہاں کیمپ آفس اعظم پورہ میں جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے محکمہ برقی اور آبراسانی عہدیداروں کو سرکل چار اور پانچ کے بنیادی مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہر پندرہ دنوں میں مذکورہ دونوں محکموں کی کارکردگی پررپورٹ پیش کرنے کی حکام کو ہدایت بھی دی۔جناب محمد محمود علی نے مذکورہ سرکل میںناقص برقی ٹرانسفارمرس کی فوری تبدیلی کی بھی ہدایت دی انہوں نے سرکل چار اور پانچ سے لووولٹیج‘ غیر معلنہ برقی کٹوتی جیسے مسائل کو سرے سے ختم کرنے کی ہدایت دی۔ جناب محمد محمو دعلی نے زیر زمین برقی کیبل کی تنصیب کے متعلق بھی محکمہ برقی کے عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔بعدازاںمحکمہ آبرسانی عہدیداروں سے جائز ہ اجلاس کے دوران انہوں نے سرکل چار او رپانچ میں پینے کے پانی کی سربراہی کے متعلق چھوٹے اور بڑے مسائل جنگی خطوط پرحل کرنے کی ہدایت دی بالخصوص لیکیج‘ آلودہ پانی کی سربراہی‘ تاخیرسے پانی کی سربراہی جیسے مسائل کے حل اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی۔جناب محمد محمود علی نے سرکل چار اور پانچ کی ناکارہ سرکاری بورویلس کی درستگی کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ آبرسانی کی جانب سے سلم بستیوں میں بورویلس کی تنصیب عمل میں لائی گئی تھی جومتعلقہ محکمہ کی غفلت او رکوتاہی کے سبب ناکارہ ہوگئی ہیں۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاسلم بستیوں کی عوام کے لئے پانی کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سرکل چار اور پانچ کی تمام بندبورویلس کی فوری درستگی عمل میںلائی جائے۔ انہوں نے محکمہ برقی اور آبرسانی عہدیداروں کو سوچھ حیدرآباد کے پہلے مرحلے کی تمام عوامی شکایتوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت دی۔ جناب محمد محمو دعلی نے سوچھ حیدرآباد کومستقبل میںبھی جاری رکھتے ہوئے پرانے شہر کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے گولڈ سٹی میں تبدیل کرنے کے عزائم کا اظہار کیا۔