حکومت کا اعتراف، اقدامات کو مؤثر بنانے کی مساعی، وزیر صحت کا اسمبلی میں جواب
حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود سرکاری دواخانوں میں صفائی کی حالت ابتر ہے اور صفائی عملہ کی کمی کے سبب اِن حالات کو بہتر بنانے کے اقدامات ممکن نہیں ہوپارہے ہیں۔ مجلسی ارکان اسمبلی کی جانب سے وقفہ سوالات کے دوران کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر صحت مسٹر کے لکشما ریڈی نے اس بات کا اعتراف کیا۔ وزارت صحت سے کئے گئے استفسار میں یہ دریافت کیا گیا تھا کہ آیا دونوں شہروں میں موجود سرکاری دواخانوں میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے جس کی بنیادی وجہ انفراسٹرکچر اور عملہ کی عدم موجودگی ہے جس پر وزارت صحت نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ بات درست ہے۔ مزید یہ استفسار کیا گیا تھا کہ سرکاری دواخانوں میں ہنگامی حالات میں استعمال کی جانے والی ادویات کی کمی کی شکایات ہیں اور ہنگامی خدمات کے لئے عملہ موجود نہیں ہے جس پر حکومت کی جانب سے دیئے گئے جواب میں کہا گیا کہ ایسا نہیں ہے اِسی لئے اِس پر کوئی اقدامات کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران سرکاری دواخانوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے خرچ کئے گئے بجٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے وزارت صحت نے بتایا کہ مالی سال 2014-15 ء کے دوران صفائی اور صیانتی انتظامات کے لئے 30 کروڑ 33 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ جبکہ 2015-16 ء کے دوران اِن اُمور کی انجام دہی کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے 35 کروڑ 31 لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے صفائی اور حفاظتی و صیانتی انتظامات کو دواخانوں میں بہتر بنایا گیا ہے۔