حیدرآباد کی ورلڈ کلاس سٹی میں تبدیلی کے لیے ٹیکس ادا کرنے کا مشورہ : کے ٹی آر وزیر آئی ٹی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( آئی این این ) : حیدرآباد کی ورلڈ کلاس سٹی میں تبدیلی کے لیے شہریان حیدرآباد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے تعاون کرتے ہوئے اپنے ٹیکس ادا کریں ۔ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے رسمی طور پر 323 ٹیکس ادائیگی بشمول حیدرآباد شہر کے سات بینکوں میں سہولت فراہم کی گئی ہے جس میں اسٹیٹ بینک آف ، کوٹک ، مہیندرا بینک ، انڈس انڈ بینک اور ایچ ڈی ایف سی بینک شامل ہیں ۔ شہریوں کو سہولت کے مقصد سے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس طرح کا اقدام کیا ہے تاکہ شہریوں کو ٹیکس ادائیگی میں آسانی اور سہولت ہوسکے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تلنگانہ مسٹر کے تارک راماراؤ نے سٹیزنس سے خواہش کی کہ وہ حیدرآبادشہر کی عالمی معیار کے شہر میں تبدیلی کے لیے اپنے ٹیکسیس ادا کریں ۔ مسٹر کے ٹی آر نے مزید بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس جی ایچ ایم سی کے تحت آنے والے 18 سرکلس کے بشمول می سیوا سنٹرس اور سٹیزنس سنٹرس میں بھی ادا کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ بل کلکٹرس کو ٹیکس وصولی کے بعد بروقت رسید کی اجرائی کے لیے آلہ بھی فراہم کیا گیا ہے ۔ انٹر نیٹ بینکنگ سسٹم سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے بموجب یہ سہولت عوام کو کسی بھی قسم کی دشواریوں سے بچانے کے لیے فراہم کی گئی ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی واسپیشل آفیسر مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ ٹیکس وصولی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے نیشنلائیزڈ اور پرائیوٹ بینکس بھی آگے آرہے ہیں جب کہ نیٹ بینکنگ سے شہریوں کے وقت کی بچت کے لیے ٹیکس وصولی کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ کمشنر بلدیہ نے مزید بتایا کہ محصول ادا کنندگان نیٹ بینکنگ خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈس کا بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔۔