شہر کے ریلوے پراجیکٹس کو شروع کرنے وزیر ریلوے کا تیقن

وزیر آبکاری ٹی پدما راؤ گوڑ کی نمائندگی پر سریش پربھو کا مثبت ردعمل
حیدرآباد۔ 22 فروری (آئی این این) وزیر ریلوے سریش پربھو نے دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کے ریلوے سے متعلق پراجیکٹس کو شروع کرنے کے لئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ مرکزی وزیر نے وزیر آبکاری ٹی پدما راؤ گوڑ کی جانب سے حال میں ان سے کی گئی نمائندگی پر ردعمل ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے مسٹر گوڑ کو جواب میں بتایا کہ وہ تمام اُمور کا جائزہ لیں گے اور نمائندگی کی پذیرائی کریں گے۔ پدما راؤ گوڑ کی جانب سے وزیر ریلوے سے کی گئی نمائندگی میں شامل چند اہم اُمور ہیں۔ مختلف مضافاتی مقامات جیسے بلارم، بھونگیر شمس آباد ایرپورٹ کو مربوط کرتے ہوئے ایم ایم ٹی ایس فیز۔ II کے کاموں کو شروع کرنے کیلئے فوری اقدامات، سکندرآباد، بلارم۔ میٹرچل لائن کا الیکٹریفکیشن، سکندرآباد، کاچی گوڑہ اور نامپلی اسٹیشن کو عالمی معیار کے اسٹیشنس کے طور پر فروغ دینے کیلئے فوری اقدامات، مولاعلی، لنگم پلی اور ملکاجگری میں نئے ٹرمینلس کا آغاز اور اجمیر، شرڈی، تیرواننتاپورم کیلئے نئی ٹرینس شامل ہیں۔ پدما راؤ نے بھوئی گوڑہ، جیمس اسٹریٹ، بائبل ہاؤز، منسٹر روڈ، لالہ گوڑہ (کونڈا ریڈی نگر) پر آر یو بیز کی توسیع اور گوتم نگر، سنیل گوڑہ، واجپائی نگر، لنگم پلی وغیرہ میں آر او بی ؍ آر یو بیز کی تعمیر، چلکل گوڑہ ، ناتھ لالہ گوڑہ، ساؤتھ لالہ گوڑہ، وجئے پوری، سیتاپھل منڈی ، بھوئی گوڑہ میں شکستہ حالت میں موجود ریلوے کوارٹرس کی مرمت اور تزئین کروانے اور میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور ہاکی اکیڈیمی کو فوری شروع کرنے کی بھی درخواست کی۔