شہر کے تین مقامات پر میٹرو ریل راستہ میں تبدیلی کا جائزہ

منڈی میر عالم ‘ سلطان بازار اور اسمبلی روٹ شامل ۔ ماہرین کی رپورٹ کے بعد قطعی فیصلہ
حیدرآباد۔/19مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع تملا ناگیشور راؤ نے اشارہ دیا کہ شہر میں تین مقامات پر میٹرو ریل کے راستہ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے ان میں پرانا شہر، سلطان بازار اور اسمبلی روٹ شامل ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں حکومت کے پاس راستہ کی تبدیلی سے متعلق تین تجاویز پیش کی گئی ہیں ان میں پرانا شہر، سلطان بازار اور اسمبلی شامل ہیں۔ حکومت کو تجویز پیش کی گئی کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ منڈی میر عالم راستہ کے بجائے براہ موسی ندی، پرانا پل، بہادر پورہ، کالا پتھر اور علی آباد سے فلک نما تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان تجاویز کے سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے کیونکہ راستہ کی تبدیلی کے سلسلہ میں اسٹڈی جاری ہے۔ ان تجاویز پر قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ماہرین کی اسٹڈی کے بعد رپورٹ پیش کی جائے گی جس کی بنیاد پر شہر کے عوامی نمائندوں کے ساتھ پھر اجلاس طلب کرکے راستہ کی تبدیلی کو قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں میٹرو ریل پراجکٹ کا کام مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا اور جولائی2017تک پراجکٹ کا کام مکمل ہوجائے گا۔ بی جے پی فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن نے میٹرو ریل پراجکٹ کے کام میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ راستہ میں تبدیلی کے نام پر پراجکٹ میں تاخیر کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے میٹرو ریل پراجکٹ کو پرانے شہر میں پہلے سے طئے شدہ روٹ کے مطابق مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایم سدھیر ریڈی اور دوسروں کے اصل سوال کے جواب میں وزیر عمارات و شوارع نے کہا کہ حکومت میٹرو ریل پراجکٹ کو شہر کے اطراف نیم شہری علاقوں تک توسیع دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کو جن روٹس کے بارے میں تجاویز موصول ہوئی ہیں ان میں میاں پور تا پٹن چیرو، فلک نما تا شمس آباد ایرپورٹ اور ناگول تا ایل بی نگر روٹ شامل ہیں۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے پراجکٹ کو مضافاتی علاقوں تک توسیع دینے پر زور دیا اور کہا کہ اس کی توسیع سے مضافاتی علاقوں کی ترقی ممکن ہوسکے گی۔