شہر کے تمام اسکول عمارتوں پر رپورٹ کی طلبی

کوکٹ پلی میں واقعہ کے بعد محکمہ تعلیمات خواب غفلت سے بیدار
حیدرآباد ۔4 جون (سیاست نیوز) شہر کی ایک خانگی اسکول میں چھت منہدم ہوکر دو طلبہ کی ہلاکت کے بعد محکمہ تعلیمات کے عہدیداران نے ہوش کے ناخن لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں ڈی ای او حیدرآباد نے سرکاری، نیم سرکاری اور خانگی اسکولس کی عمارتوں کی مضبوطی کا جائزہ لیکر جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کیلئے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی ہے اور آغاپورہ میں واقع تحتانوی اسکول کی عمارت خستہ ہونے سے اسی کمپاونڈ اور انتظامیہ نے ضلع کے احاطہ میں واقع تمام اسکولس کی عمارتوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور ضلع کے تمام تعلیمی عہدیداران کو ہدایت دی گئی ہیکہ اپنے اپنے حدود کے تمام اسکولس کی عمارتوں، سہولیات، فائر سیفٹی اور حفاظتی اقدامات سے متعلقہ اساتذہ اور طلبہ سے مشاورت کرکے رپورٹ پیش کریں۔ صرف 23 کمرے ہی منہدم کئے گئے ہیں جبکہ مزید 11 کمرے باقی ہیں۔ کلکٹر ایم وی ریڈی نے ڈی ای او کو خستہ حالی کے شکار اسکولس عمارتوں کے انہدام سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اور ساتھ ہی ضلع کلکٹر نے ضلعی سطح پر واقع تمام خانگی اسکولس کی عمارتوں سے متعلق بلدیہ سے حاصل کردہ اجازت ناموں اور سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنے کا ڈی ای او کو ہدایت دی ہے۔