شہر کے تمام اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی سے تبدیل کرنے کا مشورہ

روشنی میں اضافہ اور برقی مصارف میں 50 فیصد کمی، جی ایچ ایم سی اور بلدی نظم و نسق حکام سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کلوا کنٹلہ تارک راما راؤ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے بشمول تلنگانہ کے تمام بلدیات کی اسٹریٹ لائٹس کو آئندہ سنکرات تک ایل ای ڈی بلبس میں تبدیل کرتے ہوئے شہروں کو روشنیوں سے منور کرنے کے ساتھ ساتھ برقی مصارف کو 50 فیصد تک گھٹادینے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ کے ٹی آر نے آج ریاست کے تمام شہروں میں ایل ای ڈی لائٹس لگانے کے لئے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں جی ایچ ایم سی کے میئر بی رام موہن، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق ایم جی گوئل، کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی، ای ایس ایس ایل کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر سورب کمار کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے ملک کے مختلف شہروں میں تنصیب کئے گئے ایل ای ڈی بلبس کے نتائج عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ ای ایس ایس ایل کے منیجنگ ڈائرکٹر نے بتایا کہ گزشتہ 3 ماہ میں 4.5 لاکھ ایل ای ڈی بلبس سربراہ کئے گئے ہیں۔ کے ٹی آر نے ایل ای ڈی بلبس تنصیب کرنے کے عمل کو مزید تیز کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ریاستی وزیر نے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام بلدیات اور شہروں میں موجود اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی بلبس میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت اور ای ایس ایس ایل کمپنی کے درمیان ایک معاہدہ کرنے کا دانا کشور کو مشورہ دیا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں موجود اسٹریٹ لائٹس کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ 4.5 لاکھ ایل ای ڈی بلبس لگانے کی کمشنر جناردھن ریڈی کو ہدایت دی۔ حیدرآباد میں پائلیٹ پراجکٹ کے طرز پر شروع کردہ ایل ای ڈی بلبس تنصیب کرنے کے نتائج سے کمپنی کے نمائندوں نے کے ٹی آر کو واقف کرایا۔ کے ٹی آر نے حیدرآباد میں شروع کئے جانے والے کاموں کو عصری تقاضوں سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ پولیس کی جانب سے تنصیب کئے جانے والے سی سی کیمروں اور وائی فائی سہولتوں کو مدنظر رکھنے پر بھی زور دیا۔ ایل ای ڈی بلبس کی تنصیب میں اسمارٹ ڈیزائن پر خصوصی توجہ دینے، نصف شب میں چند لائٹس کے ناکارہ ہونے یا اس کی روشنی مدھم ہوجانے کی روک تھام کرنے اور معاہدے کے مطابق برقی چارجس 50 فیصد گھٹ جانے جیسے معاملات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ آئندہ سنکرات تک تمام کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے زیادہ سے زیادہ مزدوروں کی خدمات سے استفادہ کرنے کا کمپنی کو مشورہ دیا۔ کمپنی کے ایم ڈی سورب کمار نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سنکرانتی تک شہر حیدرآباد کو ایل ای ڈی بلبس تنصیب کے کاموں کو چیلنج کے طور پر قبول کرنے کا اعلان کیا۔