راہگیر پریشان حال ، جی ایچ ایم سی کو خواب غفلت سے بیدار ہونے کی ضرورت
حیدرآباد۔8اگسٹ(سیاست نیوز) آوارہ کتوں کی کثرت شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں راہگیروں کے لئے تکلیف کا باعث بنی ہوئی ہے اور راہگیر ان آوارہ کتوں کے سبب حادثات کا شکار ہورہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کی سڑ کوں کی ابتر حالت سے پریشان حال راہگیر بالخصوص موٹر سیکل رانوں کو رات کے اوقات میں آوارہ کتوں کے خطرات کا بھی خصوصی خیال رکھنا پڑ رہاہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آوارہ کتوں سے نمٹنے اور انہیں پکڑنے کے لئے موجود عملہ کی لاپرواہی کے سبب شہر کی گنجان آبادیوں کے علاوہ تفریحی مقامات‘ تجارتی علاقوں اور سڑکوں پر بھی آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہاہے لیکن کوئی اس سنگین مسئلہ کو حل کرنے کے سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہے کیونکہ کتوں کو پکڑنے والے عملہ کی جانب سے مخصوص علاقوں اور گلیوں میں کاروائی انجام دیتے ہوئے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جبکہ حالیہ عرصہ میں تفریحی مقامات اور تجارتی علاقے آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن رہے ہیں ۔ کے بی آر پارک کو تفریح اور چہل قدمی کی غرض سے پہنچنے والوں کو ان آوارہ کتوں کی وجہ سے پریشانیو ںکا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن جی ایچ ایم سی کے مویشی پکڑنے والے عملہ کا کہناہے کہ اس علاقہ میں مویشیوں سے محبت کرنے والے کارکنوں کی جانب سے ان کتوں کو غذاء فراہم کئے جانے کے سبب یہ کے بی آر پارک کے اطراف جمع ہورہے ہیں ۔ انہیں روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں لیکن مویشیوں کی بہبود اور ان سے محبت کرنے والے کارکنوں کی جانب سے عملہ کو کاروائی سے روکا جا رہاہے ۔ اسی طرح تجارتی علاقو ںمیں جہاں ان آوارہ کتوں کو غذاء فراہم کی جا رہی ہیں وہاں کتوں کے غول جمع ہونے لگے ہیں اسی لئے صرف جی ایچ ایم سی پر انحصار کرنے کے بجائے ایسا کرنے سے بھی اجتناب کرنے کی ضرور ت ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ںمیں جہاں کتوں کی کثرت پائی جاتی ہے ان علاقوں سے شکایات کی وصولی کی بنیاد پر جی ایچ ایم سی کے متعلقہ شعبہ کی جانب سے کاروائی کی جا سکتی ہے ۔شہریوں کا کہناہے کہ رات کے اوقات میں سڑکوں پر آوارہ کتوں کے غول کو روکنے کے فوری اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ رات کے اوقات میں اکثر سنسان علاقو ںمیں کتوں کے غول راہگیروں پر بھونکنے لگتے ہیں جس کے سبب راہگیر خوف کے عالم میں گاڑی تیز چلانے پر مجبور یا پھر حادثہ کا شکار ہوجاتے ہیںاسی لئے اگر جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے رات کے اوقات میں کاروائی کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں بیک وقت کئی مقامات سے آوارہ کتوں کو پکڑا جا سکتا ہے۔