موسمی اور وبائی امراض میں اضافہ کا خدشہ ، جی ایچ ایم سی عملہ کی لاپرواہی
حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے موسم میں ہورہی تیز تبدیلیاں وبائی امراض کا موجب بن سکتی ہیں۔ شہر میں جاری موسم کی صورتحال کے سبب وبائی امراض پھوٹ پڑنے کے خدشات کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اختیار کردہ رویہ عوام کو مختلف امراض کا شکار بناسکتا ہے۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں کچرے کی عدم نکاسی کے سبب کچرے کے انبار سے تعفن پھیل رہا ہے۔ اس کے باوجود بلدی عہدیدار و کنٹراکٹرس کے علاوہ منتخبہ کارپوریٹرس اس مسئلہ پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ عالمی سطح پر ہیلت ایمرجنسی کے اعلان کے باوجود شہر کے بیشتر علاقوں میں کچرے کی عدم نکاسی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار شہر میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کے منتظر ہیں۔ چونکہ کئی علاقوں میں کچرے کی روزانہ نکاسی کو یقینی نہیں بنایا جارہا ہے جو کہ علاقے میں تعفن کا باعث بن رہا ہے۔ موسم کی جو صورتحال ہے اس کی غیریقینی کیفیت اس کچرے میں مزید تعفن پیدا کررہی ہے کیونکہ کچھ وقفہ کے لئے بارش کے سبب کنڈیوں میں موجود کچرے میں پیدا ہونے والا تعفن دوردراز علاقوں تک بھی پھیلنے لگا ہے۔ انجن باؤلی، فلک نما، تاڑبن، کالا پتھر، وٹے پلی کے علاوہ اطراف و اکناف کے دیگر علاقوں میں بھی کچرے کی عدم نکاسی اور نامناسب صفائی کے باعث حالات انتہائی ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلہ پر توجہ دیتے ہوئے صاف صفائی کو یقینی بنائیں۔ عوام نے متعلقہ منتخبہ کارپوریٹرس سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے روزانہ کچرے کی نکاسی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔