شامیانوں ، صاف صفائی ، لاوڈ اسپیکر ، برقی ، پارکنگ کے انتظامات ، اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر شہر کی تمام اہم عیدگاہوں میں نماز عید کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کے بارے میں اجلاس طلب کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ عید گاہ میرعالم، عیدگاہ قدیم ( مادنا پیٹ) عید گاہ قطب شاہی گولکنڈہ کے علاوہ تاریخی مکہ مسجد و شاہی مسجد میں عیدالاضحی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عیدگاہ میرعالم جہاں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے وہاں مصلیوں کی سہولت کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں شامیانوں کی تنصیب، فرش کی صفائی اور لاؤڈ اسپیکر کے علاوہ عیدگاہ کے باہر صفائی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصلیوں کیلئے صاف پینے کے پانی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے عیدگاہ کے راستہ پر ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے بعض تحدیدات عائد کی گئی ہیں اور عیدگاہ کے قریب گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ محکمہ جات نے اپنے اپنے کاموں کی تکمیل کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی ہے۔ محکمہ برقی کی جانب سے نماز عید اور خطبہ کے دوران برقی کی بغیر خلل کے سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورت میں جنریٹر سے سربراہی کو بحال کیا جائے گا۔ جناب جلال الدین اکبر نے بتایا کہ عید گاہ قدیم مادنا پیٹ میں بھی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی کے انتظامات کے سلسلہ میں وقف بورڈ تقریباً 5لاکھ روپئے خرچ کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ لمحہ آخر میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے عہدیداروں کے ساتھ ہفتہ یا اتوار کو پھر ایک مرتبہ اہم عیدگاہوں کا معائنہ کریں گے۔ عید گاہ میرعالم میں نماز عید صبح 9:30بجے ہوگی۔ حافظ و قاری مولانا محمد رضوان قریشی نائب خطیب و امام مکہ مسجد نماز عید کی امامت اور خطبہ دیں گے۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ ( جامعہ نظامیہ ) اور مولانا حسام الدین ثانی ( جعفر پاشاہ) کا خطاب ہوگا۔ عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں نماز عید 9:00بجے مقرر ہے۔ مولانا قاری داؤد محی الدین مدنی امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ مولانا سید شاہ سادات پیر بغدادی کا خطاب ہوگا۔ تاریخی مکہ مسجد میں نماز عید 9:30بجے ہوگی۔ حافظ محمد عثمان امامت اور خطبہ دیں گے۔ عید گاہ قطب شاہی گولکنڈہ میں نماز عید 8:45بجے مقرر ہے۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری خطاب اور امامت کریں گے۔