روڈی شیٹرس اور مجرمانہ پس منظر کے حامل افراد کو متنبہ کرنے کی ضرورت ، ضلع الکٹورل آفیسر کا اجلاس
حیدرآباد۔6نومبر(سیاست نیوز) شہر میں رائے دہی کے انتظامات کے سلسلہ میں کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور اورکمشنرسٹی پولیس مسٹر انجنی کمار نے آج ریٹرننگ عہدیداروں کے علاوہ نوڈل آفیسرس کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر میں کئے جانے والے انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں سے مشاورت کی ۔ کمشنر سٹی پولیس مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے 15 حلقہ جات اسمبلی میں 28 نیم فوجی دستوں کی کمپنیو ںکی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی فی الحال شہر حیدرآباد میں 3کمپنیاں موجود ہیں جبکہ مزید 24یا25 کمپنیو ںکی اندرون 4یوم آمد متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس جائزہ اجلاس کے دوران اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ شہر کے کن علاقو ںکی حد بندی کی جائے اور کس طرح سے ہجوم کو قابو میں رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں پرامن انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں مکمل انتظامات کئے جا رہے ہیں اور عوام میں اعتماد کے اضافہ کے لئے پر امن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ انہیں امید ہے کہ 7 ڈسمبر کو ہونے والے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ شہری رائے دہی میں حصہ لیں گے کیونکہ محکمہ پولیس اور انتخابی عملہ کی جانب سے محفوظ انتخابات کا ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف الکٹورل آفیسر اور نوڈل آفیسرس سے شہر میں موجود روڈی شیٹرس اور مجرمانہ پس منظر کے حامل افراد کے متنبہ کرنے کے سلسلہ میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ضلع الکٹورل آفیسر کو اس بات سے واقف کرویا گیا کہ اب تک کتنے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں مچلکہ کیا گیا ہے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایاکہ شہر حیدرآباد میں رائے دہی کے لئے خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ اس اجلاس کے دوران بڑے پیمانے پر صیانتی انتظامات کے علاوہ شہر کی پر امن فضاء کو برقرار رکھنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہو ںنے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں رائے دہی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور ریٹرننگ آفیسرس کی تجاویز حاصل کی گئی ہیں اور نوڈل آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کریں اور شہریوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اکسائز اور دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو بھی آج کے اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا اور انہیں بھی اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ حالات کے متعلق مکمل آگہی حاصل کریںاور ضلع الکٹورل آفیسر اور اپنے اعلی عہدیداروں کو رپورٹ روانہ کرتے رہیں ۔ علاوہ ازیں شہر حیدرآباد کے تمام 15 حلقہ جات اسمبلی میں تین فلائنگ اسکواڈ کی ٹیمیں گشت کر رہی ہیں تاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکاروائی کی جاسکے ۔