پائیلٹ پراجکٹ کا آغاز، کمشنر بلدیہ سومیش کا بیان
حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں اب ڈیزل سے چلنے والی جھاڑو سڑکوں کو صاف کرے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کی سڑکوں کی صفائی کے لئے ڈیزل کی عصری جھاڑو خریدتے ہوئے اِن جھاڑوؤں کے ذریعہ صفائی کے آغاز کا پائلیٹ پراجکٹ شروع کیا ہے۔ ابتداء میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے 10 مشینوں کی خریدی کے ذریعہ یہ پراجکٹ شروع کیا گیا ہے تاکہ تجرباتی اساس پر اِس کے نتائج سے آگہی کے بعد اِس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جاسکے۔ مسٹر سومیش کمار کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ شہر میں صاف صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور عصری تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں کو پاک و صاف رکھنے کے مقصد سے ڈیزل سے چلنے والی 24 مشینوں کو مختلف سڑکوں پر خدمات کی انجام دہی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ موجودہ جاروب کش عملہ کے ذریعہ ہی یہ مشینی جھاڑو کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور موجودہ جاروب کش اِس مشین کو چلانے کے اہل ہیں، اِس بات کا جائزہ لینے کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں اِس پراجکٹ کو مزید توسیع دی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس پراجکٹ کے آغاز سے شہر کی سڑکوں پر ہمہ وقت صفائی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔